lahore-highcourt

لاہور (ویب نیوز)

لاہور ہائیکورٹ نے فیصل آباد سے گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے 123 رہنماؤں اور کارکنوں کی نظر بندی کے احکامات معطل کرکے فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ میںپاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے فیصل آباد سے 123 پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا  ، جسٹس انوارالحق نے فرخ حبیب کی درخواست پر سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب کے وکیل بیرسٹر احمد پنسوتہ نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ  9  مئی کے واقعات کے بعد فیصل آباد سے درجنوں افراد کو گرفتار کرکے نظر بند کیا گیا، آئی جی پنجاب نے گرفتاری کا میڈیا کے سامنے اعتراف کیا، گرفتاری اور نظر بندی بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور غیرقانونی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کے نظربندی کے احکامات کالعدم قرار دے۔ بعدازاں جسٹس انوارالحق پنوں نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فیصل آباد سے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں سمیت 123 فراد کی نظربندی کے احکامات معطل کرتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔