- سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا
- دہشت گرد کمانڈر موسی خان سمیت سات دہشت گرد مارے گئے ،آئی ایس پی آر
راولپنڈی (ویب نیوز)
خیبرپختونخوا کے علاقے لکی مروت میں سکیورٹی فورسز نے مختلف مقامات پردہشت گردوں کے 3 حملے پسپا کرد ئیے اور جوابی کارروائی میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی چوکی کے قریب موٹرسائیکل سوار خودکش حملہ آور نے دھماکہ کیا جس کے بعد سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد مارے گئے، اس کے علاوہ امیر کلام اور تجبی خیل میں کارروائی میں مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن میں دہشت گرد کمانڈر موسی خان بھی شامل ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ نائب صوبیدار تاج میر ، ضلع ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ حوالدار ذاکر احمد اور ڈیرہ اسمعیل خان سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی عابد حسین شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔