لاہور لبرٹی چوک کی ریلی کو خود لیڈ کروں گا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کو یوم مزدور ریلی کی اجازت مل گئی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کو یکم مئی کی ریلی منسوخ کرنے کی ہدایت کر دی۔

الیکشن کمیشن کا نوٹس غیر قانونی ہے اسے واپس لیا جائے۔ تحریک انصاف

مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں عوام بڑی تحریک کیلئے تیار ہو جائیں،فواد چوہدری

لاہور: ( ویب نیوز)

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ 2018 میں حکومت سنبھالی تو 9 ارب ڈالر پڑے تھے، جب ہماری حکومت گرائی تو 23 ارب ڈالر آمدنی بڑھ چکی تھی، ہم نے جب حکومت چھوڑی تو ریزورز 16 ارب تھے، ہم آتے ہی پہلے قانون کی بالادستی کو قائم کریں گے۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کو یوم مزدور کے موقع پر لبرٹی چوک سے ناصر باغ تک ریلی کی اجازت مل گئی۔

اجازت نامے کے مطابق ریلی کیلئے استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے، ریلی انتظامیہ سٹیج، خواتین اور تمام انکلوژز کی سکیورٹی کی ذمہ دار ہو گی اور تمام متعلقہ علاقوں میں بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنائے گی، ریلی میں عدلیہ اور اداروں کیخلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی۔

تحریک انصاف سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے فوکل پرسن اور متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے گی، ٹریفک میں خلل نہ ڈالنے اور رواں دواں رکھنے کیلئے پی ٹی آئی ذمہ داران ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

اجازت نامے کے مطابق ریلی کے دوران کسی صورت میں پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں پی ٹی آئی کی متعلقہ انتظامیہ ذمہ دار ہوگی، ساؤنڈ سسٹم کے استعمال سے متعلق متعلقہ قانون کی پاسداری کرنی ہو گی، پی ٹی آئی رضا کار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

ضلعی انتظامیہ نے پابند کیا ہے کہ ریلی کے باعث کسی بھی جگہ کاروباری مراکز کو بند کرنے اور نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں ہو گی، کارکن اور متعلقہ افراد ڈنڈے یا اس طرح کی چیز ساتھ نہیں لا سکیں گے، ریلی کے دوران کسی کے جذبات مجروح کرنے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔

ریلی کیلئے کسی جگہ استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے، جلسہ گاہ اور اطراف میں اسلحہ کے نمائش کی اجازت نہیں ہو گی، شرکاء کیلئے مناسب پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا، ریلی کے روٹ پر کسی بھی طرح کی وال چیکنگ نہیں ہو گی، زبردستی کسی کو جلوس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

 الیکشن کمیشن ، تحریک انصاف کو یکم مئی کی ریلی منسوخ کرنے کی ہدایت 

الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتیں اور امیدوار اپنی ریلیوں اور جلسوں کے حوالے سے قبل از وقت مقامی انتظامیہ کو آگاہ کرنے کے پابند ہیں تاکہ انتظامیہ مناسب سکیورٹی اور دیگر ضروری انتظامات کر سکے، تحریک انصاف نے یکم مئی کو لبرٹی چوک سے ناصر باغ تک ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔

الیکشن کمیشن کا نوٹس غیر قانونی ہے اسے واپس لیا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا نوٹس غیر قانونی ہے اسے واپس لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو نوٹس دیا کہ آپ لیبر ڈے پر ریلی نہیں نکال سکتے، یکم مئی کو مزدوروں سے اظہار یکجہتی کیلئے سماجی و سیاسی جماعتیں ریلیاں نکالتی ہیں، حیران کن بات ہے کہ کہا جائے کہ یکم مئی کو ریلی نہیں نکال سکتے۔

تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے مزید کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سوائے الیکشن کے ہر کام کروانا چاہ رہا ہے، پاکستان میں کیا جمہوریت ہے، الیکشن کمیشن ملک کو کدھر لیکر جانا چاہتا ہے، الیکشن کمیشن لیڈرز کو نوٹسز اور ریلیوں پر پابندیاں لگا رہا ہے۔