- قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی کا سرکلر جاری
اسلام آباد (ویب نیوز)
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا شیڈول تبدیل کرتے ہوئے10 روز قبل4مئی (آج)بدھ کو طلب کرلیا گیا ۔صدر کی جانب سے مسترد احتساب ترمیمی بل منظور کروایا جائے گا ۔مجلس شوری پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس مورخہ 15 مئی کو سہ پہر 4 بجے تک ملتوی کیا گیا تھا تاہم احتساب ترمیمی بل کی منظوری کے لئے ہنگامی طور پرفیصلہ کیا گیا ہے کہ مشترکہ اجلاس (آج)بدھ کو دن 11بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہو گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے مشترکہ اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیٹنگز رولز 1973کے قاعدہ 4کے تحت تفویض شدہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کی ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے( مجلس شوری) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی کا سرکلر جاری کردیا گیا ۔