حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات،تجاویزایک دوسرے کے سپرد کر دیں
اسلام آباد(ویب نیوز)
حکمران اتحاد اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے دوران فریقین نے تجاویز ایک دوسرے کے سپرد کر دیں۔پی ٹی آئی نے اگست کے وسط میں قومی وصوبائی اسمبلیوں کے ایک دن انتخابات کروانے کی تجویز دے دی۔حکومتی ٹیم پارٹی قیادت سے مشاورت کرتے ہوئے حتمی جواب سے آگاہ کریگی۔حکمران اتحاد اور پی ٹی آئی کے مذاکراتی ٹیموں کے درمیان منگل کی شب پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں مذاکرات کا تیسرا دور ہوا۔پی ٹی آئی نے پارٹی قیادت کی مشاورت سے آٹھ نکاتی تجاویز حکومتی ٹیم کے سپرد کر دیں مذاکرات میں حکومت کی طرف سے وفاقی وزراء سینیٹر اسحاق ڈار،خواجہ سعد رفیق،اعظم نذیر تارڑ،طارق بشیر چیمہ،سید یوسف رضا گیلانی،کشور زہرا جبکہ پی ٹی آئی کی طرف سے شاہ محمود قریشی،فواد چوہدری اور سینیٹر علی ظفر نے حصہ لیا۔حکومتی اتحاد نے بھی تجاویز پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم کے سپرد کر دیں۔ذرائع کے مطابق حکومتی ٹیم نے نواز شریف کو بھی اس بارے میں اعتماد میں لیا ہے فریقین کی جانب سے مذاکرات کے ضمن میں پیش رفت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور فوری طور پر مذاکراتی ٹیموں نے اپنی قیادت سے ہنگامی طور پر راوبط کیے۔