اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی افغان وزیرخارجہ کو پاکستان جانے کی اجازت

افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی کی 6 مئی کو اسلام آباد آمد متوقع ہے

چینی وزیر خارجہ عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان آئیں گے،پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات ہوں گے

نیویارک/اسلام آباد(ویب نیوز )

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹی نے طالبان انتظامیہ کے وزیرخارجہ امیر خان متقی کو پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کے لیے آئندہ ہفتے افغانستان سے پاکستان آنے کی اجازت د ے دی ہے،جس کے بعد افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی کی 6 مئی کو اسلام آباد آمد متوقع ہے۔امیرخان متقی پرسلامتی کونسل کی جانب سے طویل عرصے سے سفری پابندی عائد تھی جبکہ ان کے اثاثے بھی منجمد ہیں۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سلامتی کونسل کی 15 رکنی کمیٹی کو لکھے گئے خط میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مشن نے درخواست کی تھی کہ امیر خان متقی کو 6 سے 9 مئی کے درمیان پاکستان اورچین کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کیلئے استثنیٰ دیاجائے۔تاہم اس درخواست میں یہ نہیں بتایا گیا کہ وزرا کے درمیان اس ملاقات میں کن امور پربات چیت ہوگی، اس حوالے سے مزید کہا گیا تھا کہ امیرخان متقی کے دورے کے تمام اخراجات پاکستان برداشت کرے گا۔ماضی میں چین اورپاکستان کے حکام کہہ چکے ہیں کہ وہ طالبان کے زیرقیادت افغانستان کو اربوں ڈالرکے چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک)انفراسٹرکچرمنصوبے میں خوش آمدید کہیں گے۔ سی پیک چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کاحصہ ہے۔افغانستان جنوبی اوروسطی ایشیا کے درمیان اہم جغرافیائی تجارت اورٹرانزٹ روٹ ہے جس کے پاس اربوں ڈالرکے معدنی وسائل موجود ہیں۔ا گست 2021 میں 20 سال کی جنگ کے بعد امریکا کی زیرقیادت نیٹو افواج کے انخلاکے بعد طالبان برسراقتدارآئے تھے۔سلامتی کونسل کی کمیٹی نے گزشتہ ماہ ہ فوری امن، سلامتی اوراستحکام کے امور پرتبادلہ خیال کیلئے افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کیلئے بھی امیر خان متقی کو ازبکستان جانے کی اجازت دی تھی۔

افغانستان کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات کا بھی امکان ہے

چینی وزیر خارجہ چن گانگ اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد 5 مئی کو پاکستان کا پہلا دورہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق چینی وزیر خارجہ چن گانگ 5مئی کو اسلام آباد پہنچیں گے، چینی وزیر خارجہ گوا کانفرنس کے فورا بعد اسلام آباد پہنچیں گے جس کے بعد پاکستان اور چین کے درمیان 6 مئی کو اسٹریٹجک مذاکرات ہوں گے۔دونوں ممالک کا 6 مئی کو افغانستان کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات کا بھی امکان ہے، وزرائے خارجہ کے موجودہ میکنزم کا سہ فریقی اجلاس اسلام آباد میں ہوگا، اس حوالے سے افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ کی 6 مئی کو اسلام آباد آمد متوقع ہے۔یاد رہے کہ وزرائے خارجہ میکنزم کا آخری اجلاس بھی ستمبر 2019 میں پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوا تھا۔