- سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دے کرطے شدہ قانون کو تبدیل کیا،سپریم کورٹ انتخابات کی تاریخ دینے کی غلطی کو درست کرے،درخواست میں موقف
اسلام آباد (ویب نیوز)
الیکشن کمیشن نے پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے سے متعلق عدالتی فیصلے کیخلاف نظرثانی کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی۔ الیکشن کمیشن نے عدالت عظمیٰ سے اپنے 4 اپریل کے فیصلے پر نظرثانی کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار عدلیہ کو حاصل نہیں، آئین بنانے والوں نے عدلیہ کو یہ حق نہیں دیا کہ وہ انتخابات کے لئے تاریخ دے۔الیکشن کمیشن نے درخواست میں کہا ہے کہ آئین پاکستان نے اداروں کے اختیارات کو بالکل واضح کر رکھا ہے اس لئے سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دے کرطے شدہ قانون کو تبدیل کیا لہذا سپریم کورٹ پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دینے کی غلطی کو درست کرے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب میں 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دے رکھا ہے اور اس حوالے سے چیف جسٹس نے کیس میں ریمارکس دیئے تھے کہ عدالت اپنا 14 مئی کو الیکشن کا حکم واپس نہیں لے گی۔