کوئٹہ / صوابی (ویب نیوز)
- شاہراہیں متاثر ہونے کا خدشہ ،تمام ڈی سیز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے بلوچستان میں ایک اور طاقتور مغربی سسٹم سے متعلق الرٹ جاری کردیا۔ مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، ژالہ باری اور آندھی کا امکان ہے۔مغربی سسٹم کے باعث خضدار، لورالائی، موسیٰ خیل، شیرانی، مکران، لسبیلہ اور کوہ سلیمان رینج میں شدید بارش کا امکان ہے۔ژوب، بارکھان، کوہلو، تربت اور چاغی سمیت پاک ایران سرحدی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارش سے سیلابی صورتحال اور شاہراہیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو سیلابی صورتحال سے متعلق الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔
- صوابی ،طوفانی بارش ،نشیبی علاقے زیر آب
- سیلابی ریلے میں پھنسے3 افراد کو گاڑی سے بحفاظت نکال لیا گیا
صوابی میں طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب گئے ، سیلابی ریلے میں پھنسے3 افراد کو گاڑی سے بحفاظت نکال لیا گیا۔صوابی میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ صوابی کے ٹوپی بازار میں پانی کا بہا ئوتیز ہونے کی وجہ سے پانی دکانوں میں داخل ہوگیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق صوابی کی تحصیل ٹوپی میں 3 افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے،پھنسے ہوئے افراد کو گاڑی سے بحفاظت نکال لیا گیا۔