لاہور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک سکھ شہری سردار سنگھ مارا گیا
سکھ شہری خالصتان تحریک کا اہم کمانڈر پرم جیت سنگھ تھا۔ہندوستان ٹائمز کا دعوی
لاہور(ویب نیوز)
لاہور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک سکھ شہری مارا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق ہفتے کی صبح سکھ شہری سردار سنگھ کی رہائش گاہ کے قریب دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے سکھ شہری اور ان کے محافظ پر گولیاں برسائیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ سر پر گولیاں لگنے سے سردار سنگھ موقع پر ہلاک ہو گئے جب کہ فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا ہے۔سردار سنگھ کو ہفتے کی صبح اس وقت فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا جب وہ نواب ٹان کے علاقے میں اپنے محافظ کے ساتھ واک کر رہے تھے۔نگراں وزیرِ اعلی پنجاب محسن نقوی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔دوسری جانب بھارتی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ لاہور میں ہلاک ہونے والا سکھ شہری خالصتان تحریک کا اہم کمانڈر پرم جیت سنگھ تھا۔بھارتی اخبار ‘ہندوستان ٹائمز’ کی رپورٹ کے مطابق مقتول خالصتان تحریک کے عسکری ونگ کا اہم حصہ تھا اور بھارت کو انتہائی مطلوب تھا۔پاکستانی حکام نے بھارتی میڈیا کی ان رپورٹس پر تاحال کوئی ردِعمل نہیں دیا۔