- آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے مسجد نبویۖ کے امام الشیخ محمد بن خلیل القاری مدینہ منورہ میں انتقال کر گئے
مظفرآباد (ویب نیوز)
آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے مسجد نبویۖ اور مسجد قبلتین کے امام الشیخ محمد بن خلیل القاری مدینہ منورہ کے اسپتال میں انتقال کر گئے، وہ گزشتہ 6 ماہ سے پھیپھڑوں کے سرطان کے عارضہ میں مبتلا تھے۔مرحوم کی نماز جنازہ گزشتہ شام (پیر کو) مسجد نبویۖ مدینہ منورہ میں ادا کردی گئی، جس کے بعد والد قاری خلیل بن عبدالرحمن کے پہلو اور دو بھائیوں قاری محمود خلیل سابق امام مسجد نبوی و مسجد قبا اور قاری احمد خلیل امام گورنر مدینہ مسجد کے قریب سپرد خاک کردیا گیا، آپ کے والدین کا تعلق آزاد جموں وکشمیر کے دار الحکومت مظفرآباد سے 21 کلو میٹر دور پٹہکہ کے گاؤں کڑیاں دراڑ سے تھا جو 1962 میں سعودی عرب قرآن کریم کی تدریس کے سلسلہ میں منتقل ہوئے تھے۔ محمد بن خلیل القاری 1975 میں مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے، آپ نے مدرسہ صولتیہ مکہ مکرمہ سے قرآن پاک حفظ کرنے کے بعد جامعہ العلوم الاسلامیہ مدینہ منورہ(مدینہ یونیورسٹی) سے اعلیٰ دینی وعصری تعلیم حاصل کی، محمد بن خلیل القاری گزشتہ دو دہایوں سے مدینہ منورہ کی تاریخی مسجد مسجد قبلتین کے مستقل امام تھے۔جبکہ 2016 میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے آپ کو مسجد نبویۖ میں تراویح کا امام مقرر کیا تھا یوں آپ پہلے پاکستانی بنے جنہوں نے مسجد نبویۖ میں بطور امام فرائض انجام دیئے۔جبکہ آپ کے مرحوم بھائی محمود خلیل بھی مسجد نبوی میں تراویح کی امامت کرچکے ہیں تیسرے اور سب سے چھوٹے بھائی احمد خلیل بھی سعودی عرب کے کئی آیمہ کے استاد رہے سعودی سرکاری ٹیلی وژن پر قران کریم کی تجوید کیساتھ مشق کرتے رہے اور وہ 6سال قبل وفات پاچکے تھے الشیخ محمد بن خلیل القاری مشہور عالم الشیخ جمیل الرحمن اور الشیخ شفیق الرحمان معلمین مسجد نبویۖ کے چچا زاد بھائی اور سابق ضلع قاضی مظفرآباد مفتی محمد سلیمان مرحوم کے بھتیجے تھے۔ قاری خلیل کئی آئمہ حرمین شریفین کے استاد رہے سمیت ان کے تینوں بیٹے اب دنیا میں نہیں رہے اور سب کی قبور جنت البقیع میں ہی ہیں سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے دینی خدمات پر پورے خاندان کو سعودی عرب کی شہریت سے نوازا تھا، دریں اثنا قاری خلیل کے قریبی ساتھی اور ہم عصر استاذ القرا شیخ القرآن مولانا قاری عبدالمالک توحیدی، وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق، صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، صدر مسلم لیگ نواز شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان، پیپلز پارٹی کے مرکزی راہنما اور مرحوم کے حقلہ کے ممبر اسمبلی سردار جاوید ایوب، محترمہ نورین عارف اور چیف جسٹس آزاد جموں کشمیر سپریم کورٹ جسٹس راجہ محمد سعید اکرم نے مسجد نبویۖ اور مسجد قبلتین کے امام محمد بن خلیل القاری کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی علمی و دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور دعا کی اللہ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔