• آزاد کشمیر سپریم کورٹ سردار تنویر الیاس کی نا اہلی کے فیصلے کے خلاف اپیل خارج کر دی

مظفر آباد (ویب نیوز)

آزاد کشمیر  سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی نا اہلی کے فیصلے کے خلاف اپیل خارج کر دی۔چیف جسٹس آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ اپیل کے ٹائیٹل پر وزیر اعظم لکھاہے وہ وزیر اعظم نہیں وزیر اعظم تھے، یہ سپریم کورٹ ہے،کوئی مذاق نہیں۔ مظفرآباد: کل نئی اپیل دوبارہ لے کر آئیں،خیال رہے کہ گزشتہ روز آزادکشمیر ہائی کورٹ نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو کسی بھی عوامی عہدے کے لئے نااہل قرار دیدیا تھا۔ آزادکشمیر ہائی کورٹ نے سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت کیس میں سزا سنائی، وزیراعظم آزاد کشمیر کو عدالت برخاست ہونے تک علامتی سزا بھی سنائی گئی۔عدالت نے نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو لکھ دیا۔ آزاد کشمیرکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔دوسری جانب تنویرالیاس کی نااہلی کے بعد خواجہ فاروق آزاد کشمیر کے قائم مقام وزیراعظم بن گئے۔ صدرآزادکشمیر کی ہدایات پر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔صدرآزاد کشمیربیرسٹرسلطان محمود نے قائم مقام وزیراعظم کی سمری پردستخط کردئیے، نئے قائدایوان کے انتخاب تک سینئر وزیرخواجہ فاروق احمدقائم مقام وزیراعظم ہوں گے۔ آئین کے مطابق زیادہ سے زیادہ14 دن میں نئے وزیراعظم کا انتخاب لازمی ہے۔