اسد عمر کے بعد شاہ محمود قریشی کو بھی گرفتار کر لیا گیا
اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کیاگیا ہے: پولیس ذرائع
سیالکوٹ میں پولیس نے عثمان ڈار کے گھر پر چھاپہ مارا ،عثمان ڈار گھر پرموجود نہیں تھے
سوات میں تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے ڈاکٹر امجد کو پولیس نے گرفتارکرلیا
لاہور (ویب نیوز)
سابق گورنر پنجاب عمر سرفرازچیمہ کو اینٹی کرپشن نے حراست میں لے لیا۔سیکرٹری علی ڈھلوں نے بتایا کہ اینٹی کرپشن کی ٹیم علی الصبح عمر سرفراز چیمہ کے گھر میں داخل ہوئی، اینٹی کرپشن کی ٹیم کی سربراہی ایڈیشنل ڈی جی وقاص حسن کر رہے تھے۔ عمر سرفراز چیمہ پر بطور گورنر اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ میں جعل سازی سے اپنی بہن کو حصہ دلوانے کا الزام ہے۔ اینٹی کرپشن متعدد بار عمر سرفراز چیمہ کو طلب کرچکی ہے، پیش نہ ہونے پر انہیں گرفتار کیا گیا ۔سیالکوٹ میں پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے گھر پر بھی رات گئے پولیس نے کارروائی کی۔ عثمان ڈار اور دیگر بھائی گھر پر موجود نہیں تھے، گھر اور جناح ہائوس میں توڑ پھوڑ، پولیس تلاشی کے بعد چلی گئی۔دوسری جانب قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے گھر بھی پولیس نے چھاپہ مارا، پولیس ان کے بھائی کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر لے گئی ۔
اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی گرفتار کرلیا۔اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کو بھی آج گرفتار کیا تھا تاہم اب وائس چیئرمین شاہ محمود کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق شاہ محمود قریشی کو ریڈ زون سیگرفتارکیا گیا ہے۔
سوات میں تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے ڈاکٹر امجد کو پولیس نے گرفتارکرلیا، ڈاکٹر امجد نے عمران خان اور اپنی گرفتاری کو بلاجواز اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مذمت کی، گرفتار ی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے لاقانونیت کی انتہا کردی ہے ، گن پوائنٹ پرعدالتوں سے مرضی کے فیصلے کئے جارہے ہیں جو ملک وقوم کیلئے تباہی کا باعث بنیں گے،اس طرح کے اقدامات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے بلکہ اس سے ہم اپنے مقصد کیلئے مزید حوصلہ پاتے ہیں ،ہم عمران خان کے وژن کے مطابق جیل جانے سے نہیں ڈرتے انہوں نے کارکنوں اورعوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو تباہی سے بچانے کیلئے سڑکوں پر نکلیں اوراپنے بہتر مستقبل کیلئے جاری ہمارے جدوجہد میں شامل ہوں۔