فیصل آباد (ویب نیوز)

کپاس دنیا کی ایک اہم ترین ریشہ دار فصل ہے۔ اس سے لباس اور کپڑے کی دوسری مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔ اس کے بنولے کا تیل بناسپتی گھی کی تیاری کے لئے بطور خام مال استعمال ہوتا ہے۔ دنیا بھر میں کپاس پیدا کرنے والے ممالک میں پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔ پنجاب کو اس لحاظ سے خصوصی اہمیت حاصل ہے کیونکہ کپاس کی مجموعی پیداوار کاقریباً 70 فیصد پنجاب میں پیدا ہوتا ہے ۔ گزشتہ چند سالوں سے کپاس کی پیداوار میں موسمی تبدیلی کی وجہ سے کمی ہو رہی ہے لیکن ملکی معیشت کے استحکام کے لئے کپاس کی پیداوار میں اضافہ ناگزیر ہے کیونکہ کپاس ملک کے لئے قریباََ 60فیصد زر مبادلہ کے حصول کا اہم ذریعہ ہے ۔اس مقصد کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا قومی کردارفعال طور پر ادا کرنا ہو گالیکن سب سے اہم کردار ہمارے محنتی کاشتکاروں کا ہے۔ امسال صوبہ پنجاب میں کپاس کی کاشت کا ہدف50 لاکھ ایکڑ جبکہ پیداواری ہدف 82 لاکھ 27ہزار گانٹھیں مقرر کیا گیا ہے ۔وفاقی حکومت نے بوائی سے قبل ہی کپاس کی سپورٹ پرائس 8500 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کر دی ہے جس سے کاشتکاروں کے لئے کپاس کے کاشت ایک منافع بخش ثابت ہوگی۔ حکومت پنجاب  کپاس  کے تصدیق شدہ بیج کی ترویج اور پیداوار میں اضافہ کے لئے اربوں روپے کی سبسڈی بھی فراہم کر رہی ہے۔ اس ضمن میں کپاس کی منظورشدہ اقسام بی ایس15- ،سی آئی ایم663- ،سی کے سی1- ،سی کے سی3- ،ایف ایچ490-،آئی یو بی2013- ،ایم این ایچ1020- ،نبجی11- ،نیاب545-،نیاب878- ،نیاب1048- ،نیاب کرن کی کاشت پررجسٹرڈ کاشتکاروںکو5 ایکڑ تک سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔یہ سبسڈی” پہلے آئیں- پہلے پائیں”کی بنیاد پر دی جارہی ہے۔یہ سبسڈی تھیلوں میں موجود واؤچر کے ذریعے رجسٹرڈ کاشتکاروں کو فراہم کی جارہی ہے۔ کاشتکارسبسڈی کے حصول کے لئے کاشتکارخفیہ واؤچر نمبر اسپیس اپنے شناختی کارڈنمبرکے8070 پر ایس ایم ایس کریں ۔ کپاس کے کاشتکاروں کو منتخب منظور شدہ بیج پر1 ہزار روپے فی بیگ سبسڈی دی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ کپاس کے کاشتکاروں میں صحتمندانہ مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے کے لئے کپاس کے پیداواری مقابلہ جات کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے جس کے لئے صوبہ و ضلع کی سطح پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو کروڑوں روپے نقد انعامات دئیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کے لئے بائیو کارڈ کے استعمال کے ذریعے کپاس کے نقصان دہ کیڑوں کے کنٹرول کے لئے 200 سے زیادہ آئی پی ایم کے نمائشی پلاٹس بھی لگائے جائیںگے۔ محکمہ زراعت پنجاب کی طر ف سے 2023-24 کے لئے کپاس کے پیداواری منصوبہ کو حتمی شکل دی جاچکی ہے جس میں تمام پیداواری امور کا احاطہ کیا گیا ہے۔