لاہور (ویب نیوز)

صوبہ پنجاب میں 50 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی فصل کاشت کرنے کا ٹارگٹ مقرر کر لیا گیا ۔کسانوں کو راغب کرنے اور 82 لاکھ 26 ہزار گانٹھوں کے حصول کیلئے وفاقی حکومت نے پھٹی کی امدادی قیمت بھی جاری کردی ہے۔کپاس ایک نقد آور فصل اور ملکی معیشت کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے اور ملک میں کپاس کی مجموعی پیداوار کا تقریبا 70 فیصد پنجاب سے حاصل کیا جاتا ہے۔رواں سال کپاس کی کاشت سے قبل ہی وفاقی حکومت نے پھٹی کی امدادی قیمت 8500 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کی ہے۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان اور محکمہ زراعت پنجاب کو موثر پلاننگ کیلئے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔عرصہ دراز سے دبائو کی شکار ٹیکسٹائل صنعت کی ترقی کیلئے کپاس کی پیداواری ٹارگٹ کا حصول یقینی بنانا ملکی معیشت کیلئے اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔