9 مئی کو قوم کیلئے شرمندگی لانیوالے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا: آرمی چیف جنرل عاصم منیر
کسی کو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، سیالکوٹ گیریژن دورہ میں گفتگو ،شہدا کی یادگار پر پھول رکھے
راولپنڈی(ویب نیوز)
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ 9 مئی کے تاریک دن پرقوم کیلئے شرمندگی لانے والے ذمہ داروں کوانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا اور شہدا کی یادگار پر پھول رکھے۔آرمی چیف نے قوم کی عظمت، عزت اور وقار کیلئے شہدا کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھاکہ کسی کو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی اور شہدا مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری اہلکاروں اور پاکستانی عوام کیلئے فخر کا باعث ہیں۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی سے کییگئے حالیہ المناک واقعات کی دوبارہ اجازت نہیں دی جائے گی، پاکستانی عوام کے دلوں میں شہداکا عظیم مقام ہمیشہ قائم رہے گا، شہدا افواج پاکستان کی رینک اینڈ فائل کیلئے فخر کا باعث ہیں۔آرمی چیف کا کہنا تھاکہ 9 مئی کے تاریک دن پرقوم کیلئے شرمندگی لانے والے ذمہ داروں کوانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مسلح افواج تمام شہدا اور ان کے اہلخانہ کو ہمیشہ مقدم رکھتے ہیں، مستقل طور پرشہدا کی عظیم قربانیوں کو انتہائی عزت اور وقار سے دیکھتے ہیں۔آرمی چیف نے ماتحت فارمیشنزکی محنت، لگن، بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔