پاکستان کی فوج اپنی تنصیبات کونقصان پہنچانے کی مزید کسی کوشش کوبرداشت نہیں کرے گی  آرمی چیف جنرل عاصم منیر

9 مئی کے یوم سیاہ کے تمام منصوبہ سازوں، مشتعل افراد، اس پراکسانے اور عمل کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ  انھیں موجودہ سکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی جاری کوششوں پربریفنگ دی گئی

پشاور(ویب  نیوز)

بری فوج کے سربراہ جنرل سیدعاصم منیرنے کہاہے کہ مسلح افواج اپنی تنصیبات کے تقدس اور سلامتی کو پامال کرنے یا توڑ پھوڑ کی مزید کسی کوشش کو برداشت نہیں کرے گی، دشمن عناصر کی جانب سے مسلح افواج کو نشانہ بنانے کے لیے بدنیتی سے بھرپور کوشش کی جا رہی ہے، پاکستانی عوام کی حمایت سے مذموم کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ہفتہ کوکور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔آرمی چیف کوسلامتی کی موجودہ صورتحال اور انسداد دہشت گردی کے حوالہ سے جاری کوششوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ اہلیت، کارکردگی اور کامیابیوں کی تعریف کی ۔ آرمی چیف نے کور کے افسران سے بھی خطاب کیا اور قومی سلامتی کو درپیش خطرات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ امن و استحکام کیلئے ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور اس عمل کو خراب کرنے والوں کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔آرمی چیف نے کہاکہ مسلح افواج اپنی تنصیبات کے تقدس اور سلامتی کو پامال کرنے یا توڑ پھوڑ کی مزید کسی کوشش کو برداشت نہیں کرے گی ۔آرمی چیف نے 9 مئی کے یوم سیاہ پر توڑ پھوڑ کے تمام منصوبہ سازوں، مشتعل افراد، اکسانے والوں اور ان پر عمل کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم کیا ۔آرمی چیف معلومات کی جنگ کے چیلنجوں اور غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششوں کے بارے میں بھی روشنی ڈالی ۔آرمی چیف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دشمن عناصر کی جانب سے مسلح افواج کو نشانہ بنانے کے لیے بدنیتی سے بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے عہد کیا کہ پاکستانی عوام کی حمایت سے ایسی مذموم کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا۔قبل ازیں کورہیڈکوارٹرز آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا