- راولپنڈی میں پرتشدد واقعات کے خلاف 18 مقدمات درج ، 225 ملزمان گرفتار ہیں، پولیس
راولپنڈی (ویب نیوز)
پولیس نے نے آرمی ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی تفتیش اور ملزمان فوج کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں جی ایچ کیو پر حملہ کرنے کا مقدمہ آرمی ایکٹ کے تحت چلا یا جائے گا ۔ واضح رہے کہ سابق وزیرقانون راجا بشارت بھی مقدمے میں نامزد ملزم ہیں۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں پرتشدد واقعات کے خلاف 18 مقدمات درج ہیں، جن میں 225 ملزمان گرفتار ہیں۔ آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات کی تفتیش کے لیے نیا مقدمہ درج نہیں کیا جائے گا۔تھانہ آراے بازار میں درج مقدمہ نمبر 708/23 میں آرمی ایکٹ کہ دفعات کا اضافہ ہوگا۔جی ایچ کیو حملے کا مقدمہ پولیس سب انسپکٹر ملک محمد ریاض کی مدعیت میں درج ہے۔ مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7ATA سمیت 10 دفعات شامل ہیں، جس میں سابق وزیر قانون راجا بشارت اور پی ٹی آئی کارکن خالد جدون نامزد ہیں۔پولیس نے 6 ملزمان کو موقع سے گرفتار کیا تھا۔مقدمے کی تفتیش فوج کے حوالے کرنے کے تمام قانونی تقاضے پورے کرلیے گئے ہیں۔مقدمے میں اب تک گرفتار افراد کو بھی فوج کے حوالے کیا جائے گا۔دیگر 17 مقدمات کی آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل کی بھی تجویز زیر غور ہے۔