• عمران خان کو مقدمات کی تفتیش میں شامل تفتیش ہونے کی ہدایت،مقدمات کی تفتیش میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیئے،عدالت
  •  زمان پارک جلائو گھیرائو ، پیٹرول بم حملوں،ظل شاہ قتل کیس میں دہشتگردی کے دو مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں پر فیصلہ محفوظ ، 2جون کو سنایا جائے گا

لاہور (ویب نیوز)

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کی جناح ہائوس حملہ اور جلائو گھیرائوسمیت دہشت گردی کے تین مقدمات میں 2جون تک ضمانتیں منظور کرلیں۔ عدالت نے جناح ہائوس حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں پولیس کوعمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔عدالت نے عمران خان کو مقدمات کی تفتیش میں شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمات کی تفتیش میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیئے۔ اس پر عمران خان نے یقین دہانی کروائی کہ عدالتی حکم پر من وعن عملدآمد ہو گا۔ دوران سماعت عمران خان کے وکیل کی جانب سے مئوقف اختیار کیا گیا کہ جس وقت یہ مقدمات درج ہوئے اور جلائو گھیرائو ہوااس وقت عمران خان گرفتار تھے، یہ مقدمات سیاسی بنیادوں پر قائم کئے گئے ہیں اورعمران خان شامل تفتیش ہو کر اپنی بے گناہی ثابت کرنا چاہتے ہیں اس لئے ان کی عبوری ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے تینوں مقدمات میں عمران خان کی دو جون تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔جبکہ عدالت نے زمان پارک جلائو گھیرائو ، پیٹرول بم حملوں اورظل شاہ قتل کیس کے حوالہ دے درج دہشت گردی کے دو مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔ عمران خان کی ضمانتوں پر فیصلہ 2جون کو سنایا جائے گا۔عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دونوں مقدمات میں اپنے دلائل مکمل کر لئے ہیں۔ عدالت دونوں مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر دو جون کو فیصلہ سنائے گی۔