خلیجی ممالک سے ترسیلات زر میں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں12 فیصد کمی ریکارڈ
9ماہ میں سمندرپار پاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 22.74 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیاجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 26.14 ارب ڈالرتھا،اسٹیٹ بینک
اسلام آباد(ویب نیوز)
خلیجی ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر12 فیصدکی کمی ہوئی ہے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے اپریل 2023تک کی مدت میں بحرین، کویت، قطر اور اومان میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 2.666 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 12 فیصدکم ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 3.029 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ اپریل میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 358.9 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جومارچ میں 298 ملین ڈالر اورگزشتہ سال اپریل میں 294.4 ملین ڈالرتھا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سمندرپار پاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 22.74 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 26.14 ارب ڈالرتھا۔