جناح ہائوس حملہ سمیت 3مقدمات ، چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتوں میں 27 جون تک توسیع
چیئرمین پی ٹی آئی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی
عسکری ٹاور حملہ کیس ، اسد عمر کی عبوری ضمانت میں 27 جون تک توسیع.. شامل تفتیش ہونے کا حکم
لاہور( ویب نیوز)
لاہور کی انسداددہشتگردی عدالت نے جناح ہائوس حملہ سمیت 3 مقدمات میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی ضمانتوں میں 27 جون تک توسیع کر دی ۔منگل کو لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں جناح ہائوس حملے سمیت 3 مقدمات پر سماعت ہوئی، چیئرمین تحریک انصاف عدالت کے روبروپیش نہ ہوئے۔چیئرمین پی ٹی آئی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ رات کو سفر کر کے اسلام آباد سے تاخیر سے لاہور پہنچا، میری عمر 70 سال سے زائد ہے سفر کی تھکاوٹ ہے، عدالت سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرنے کی استدعا کی گئی۔بعد ازاں عدالت نے تینوں مقدمات میں ضمانتوں میں 27 جون تک توسیع کر دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے عسکری ٹاور حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کی عبوری ضمانت میں 27 جون تک توسیع کر دی۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے اسد عمر کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، اسد عمر ضمانتی مچلکوں کی میعاد ختم ہونے پر عدالت پیش ہوئے۔عدالت نے سابق وفاقی وزیر کو مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے 27 جون تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے ضمانتی مچلکے جمع کروا دیئے..