- وزیراعظم شہباز شریف کی آذر بائیجان کے صدر سے ملاقات،دونوں ممالک کا باہمی تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
- گوادر کے ذریعے قریبی ممالک کے ساتھ تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں ، وزیراعظم شہباز شریف
- دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے مشترکہ فوجی مشقوں میں اضافہ کیا جائے گا، صدر الہام علیوف
- موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا
- وزیر اعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس
باکو (ویب نیوز)
پاکستان اور آذربائیجان نے باہمی تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔ جمعرات کو وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے 2 روزہ سرکاری دورہ کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی جس کے بعد دونوں رہنمائوں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ گوادر کے ذریعے قریبی ممالک کے ساتھ تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان میں شمسی توانائی کو فروغ دینے اور دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کے خواہاں ہیں، ہم آذربائیجان کو پاکستانی چاول کی برآمد میں اضافہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آذربائیجان کی قومی ایئر لائن اسلام آباد کیلئے پروازیں شروع کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، روس یوکرین تنازعہ کی وجہ سے عالمی سطح پر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ وہ آذربائیجان کا دورہ کرکے بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدر آذربائیجان کے وژن سے بہت متاثر ہیں، آذربائیجان سے تعلقات کے فروغ کو اہم سمجھتے ہیں، آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام سات دہائیوں سے زائد عرصہ سے بھارتی ظلم کا شکار ہیں۔انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے تنازعہ پر آذربائیجان کی طرف سے ہمیشہ پاکستان کے موقف کی تائید کو سراہا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ ملاقات میں باہمی تجارت میں اضافہ پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں تعلیم، دفاع اور توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ آذربائیجان کے صدر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے مشترکہ فوجی مشقوں میں اضافہ کیا جائے گا۔