ایف آئی اے نے انسانی سمگلروں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاون شروع کر دیا ہے
10 انسانی سمگلنگ کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا نو آزاد کشمیر سے گرفتا ر ہوئے
اسلام آباد(ویب نیوز)
یونان کے ساحل کے قریب کشتی الٹنے سے پاکستانیوں کی اموات پروفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے انسانی سمگلروں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاون شروع کر دیا ہے جس کے بعد یونان کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹ کو اتوار کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔یونان میں پیش آنے والے واقعے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سربراہ محسن حسن بٹ کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ملک بھر میں انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈان شروع کر دیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے اینٹی ٹریفکنگ سرکل لاہور کے مطابق گرفتار ملزم طلحہ شاہزیب نے ایک متاثرہ شخص کے گھر والوں سے یونان بھیجوانے کے لیے 35 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ایجنٹ کو معلومات حاصل کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا اور مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ 10 انسانی سمگلنگ کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ نو ملزمان کو آزاد کشمیر کشمیر سے حراست میں لیا گیا جبکہ ایک کو گجرات کے علاقے سے پکڑا گیا ہے۔ قابل زکر امر یہ ہے کہ ایسے واقعات اور انسانی سمگلنگ کا سد باب مشکل ہے۔ کیونکہ انسانی سمگلروں نے کوئی دفتر نہیں بنائے ہوتے بلکہ یہ کام زبانی کلامی ہوتے ہیں۔ بعض اوقات ایجنٹ پاکستان میں ہوتے ہی نہیں وہ یورپ میں بیٹھ کر آپریٹ کر رہے ہوتے ہیں۔ترجمان ایف آئی اے عبد الغفور نے نیوز پورٹل کو بتایا کہ فروری میں جب لیبیا سے اٹلی کا واقعہ ہوا تھا تب بھی ایف آئی اے نے کارروائی کی تھی اور ملوث افراد کو نشاندہی پہ گرفتار بھی کیا تھا۔ لیکن یہ کوئی ایک شخص نہیں ہوتا ان کے مختلف سہولت کار ہوتے ہیں کو صرف ایک علاقے تک کام کرتے ہیں اگلے علاقے میں اگلا سہولت کار ہو گا۔اسی طرح ہر شہر میں الگ اور سرحدی علاقوں کے بعد جس جس روٹ سے گزرتے ہیں وہاں الگ لوگ موجود ہوتے ہیں جو سہولت کاری کرتے ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا: یہ نیٹ ورک ایسے کام کرتے ہیں کہ ان کی ادائیگیاں بھی ایک مقام سے دوسرے مقام تک کی ہوتی ہیں یکمشت ادائیگی بھی اکثر کیسز میں نہیں ہوتی کچھ لوگوں کو کہا جاتا ہے کہ وہ جو جو سرحد پار کرتے جائیں وہاں وہاں ادائیگی کرتے جائیں۔ترجمان کے مطابق کہ حالیہ واقعے پر ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں گجرات اور دیگر علاقے جن افراد کے کشتی میں موجودگی کی اطلاعات ہیں وہاں آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔حالیہ واقعے کے بعد کریک ڈان میں ایف آئی اے (اینٹی ہیومن ٹریفکینگ اینڈ سمگلنگ ونگ) گجرات نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ملزم نے شکایت کنندہ کو اٹلی میں نوکری کا لالچ دے کر 15 لاکھ روپے ہڑپ کیے تھے۔اسی طرح ایف آئی اے (اے ایچ ٹی سی) گوجرانوالہ کے مطابق انہوں نے بھی آج ایک انسانی سمگلر کو گرفتار کر لیا۔ وہ اسی طرح کے نو مختلف مقدمات میں ملوث تھا۔
نجی ٹی وی کے مطابق یونان کشتی حادثے میں صرف گجرات سے لاپتا ہوئے نوجوانوں کی تعداد 50 کے قریب پہنچ گئی جب کہ کوٹلی آزاد کشمیر اور پنجاب کے دیگر اضلاع کی تعداد علیحدہ ہے، خدشہ ہے واقعے میں 300 کے قریب پاکستانی جاں بحق ہوئے یونان کشتی حادثے کے جاں بحق پاکستانیوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، اطلاعات ہیں کہ کشتی پر پانچ سو کے قریب افراد سوار تھے جن میں سے تین سو کے قریب پاکستانی تھی۔اطلاعات ہیں کہ کشتی میں آزاد کشمیر کوٹلی سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع کے نوجوان سوار تھے، درجنوں افراد کوٹلی سے لاپتا ہیں اور اب گجرات سے بھی کشتی حادثے میں لاپتا ہوںے والے افراد کی تعداد 50 تک پہنچ گئی ہے۔