چیئرمین سینیٹ کی مراعات میں بڑا اضافہ، خاندان کو بھی ڈھیروں سہولتیں
چیئرمین سینیٹ کے ساتھ اب اہلخانہ کو بھی نجی علاج کی سہولت حاصل ہوگی،رہائش گاہ کا کرایہ بڑھا کر ڈھائی لاکھ روپے ماہانہ کر دیا گیا
چیئرمین سینیٹ کے اہلخانہ بھی سرکاری گاڑیاں استعمال کرنے کے حقدار ہوں گے، 12 اہلکاروں پر مشتمل ذاتی عملے بھی رکھ سکتے ہیں،دستاویز
چیئرمین سینیٹ کے مکان کی تزئین و آرائش پر 50 لاکھ تک خرچ کیے جا سکیں گے، اب 18لاکھ روپے تک صوابدیدی فنڈ بھی استعمال کر سکے گا
تمام سابق چیئرمین سینیٹ کو تاحیات اضافی مراعات ملیں گی جبکہ تین برس تک چیئرمین رہنے والے افراد بھی اضافی مراعات کے حقدار ہوں گے
اسلام آباد(ویب نیوز)
چیئرمین سینیٹ کی مراعات میں غیرمعمولی اضافہ کے بل کی تفصیلات سامنے آگئیں جس میں خاندان کے افراد کو بھی ڈھیروں سہولتیں دی گئی ہیں۔دستاویز کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے ساتھ اب اہلخانہ کو بھی نجی علاج کی سہولت حاصل ہوگی جبکہ چیئرمین سینیٹ کی رہائش گاہ کا کرایہ بڑھا کر ڈھائی لاکھ روپے ماہانہ کر دیا گیا۔چیئرمین سینیٹ بیرون ملک سفر میں خاندان کا ایک رکن ساتھ لے جا سکتے ہیں جبکہ چیئرمین سرکاری جہاز میں بھی خاندان کے 4افراد کو ساتھ لے جا سکتے ہیں، اب چیئرمین سینیٹ کے اہلخانہ بھی سرکاری گاڑیاں استعمال کرنے کے حقدار ہوں گے۔مراعات میں اضافے کے بعد چیئرمین سینیٹ 12 اہلکاروں پر مشتمل ذاتی عملے بھی رکھ سکتے ہیں، چیئرمین سینیٹ کے مکان کی تزئین و آرائش پر 50 لاکھ تک خرچ کیے جا سکیں گے جبکہ چیئرمین سینیٹ اب 18لاکھ روپے تک صوابدیدی فنڈ بھی استعمال کر سکے گا۔نئے قانون کے تحت تمام سابق چیئرمین سینیٹ کو تاحیات اضافی مراعات ملیں گی جبکہ تین برس تک چیئرمین رہنے والے افراد بھی اضافی مراعات کے حقدار ہوں گے۔تمام سابق چیئرمینز کو بھی اب سیکیورٹی کے لیے درجنوں اہلکار ملیں گے اور بیرون ملک سفر میں چیئرمین سینیٹ کو نائب صدر کا پروٹوکول ملے گا۔سینیٹ نے چیئرمین کی مراعات میں اضافے کا بل 16 جون کو منظور کیا تھا، بجٹ سیشن کے بعد بل منظوری کے لیے قومی اسمبلی بھیجا جائے گا۔