اسلام آباد (ویب نیوز)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اہلخانہ کے ہمراہ حج ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ صدر مملکت منگل کو صبح وطن واپس پہنچے، ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے دفتر میں معمول کی ذمہ داریاں انجام دینا شروع کردیں۔ مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر سعودی حکام نے صدرمملکت کو رخصت کیا، پاکستان روانگی سے قبل ایئر پورٹ لاونج پر رائل پروٹوکول کے ڈائریکٹر ابراہیم بن عبداللہ نے ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ صدرمملکت کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے رواں سال حج کے شاندار انتظامات کیے، حج سیزن کی کامیابی پر سعودی قیادت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سعودی قیادت کا مثالی مہمان نوازی پر شکر گزار ہوں۔یاد رہے کہ خاتون اول اور بچوں نے بھی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ہمراہ فریضہ حج ادا کرنے کی سعادت حاصل کی، صدرمملکت فریضہ حج ادا کرنے کے لیے25 جون کو سعودی عرب گئے ہوئے تھے۔