یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلرز کا سرغنہ گرفتار
ملزم محمد سلیم سنیارے کو گجرات سے گرفتار کیا گیاجو یونان کشتی حادثے کے مرکزی ملزم آصف سنیارے کا بھائی ہے
ملزم نے متعدد پاکستانیوں کو غیر قانونی راستے سے یورپ بھجوانے کے لئے کروڑوں روپے بٹورے
ایف آئی اے لاہور کی کارروائیوں میں ریڈ بک کے انتہائی مطلوب اشتہاری سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا
گجرات(ویب نیوز)
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات نے کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلرز کا سرغنہ گرفتار کرلیا۔ملزم محمد سلیم سنیارے کو گجرات سے گرفتار کیا گیا، جو یونان کشتی حادثے کے مرکزی ملزم آصف سنیارے کا بھائی ہے۔ ملزم نے متعدد پاکستانیوں کو غیر قانونی راستے سے یورپ بھجوانے کے لئے کروڑوں روپے بٹورے۔ ملزم کے خلاف 9مقدمات ایف آئی اے گجرات سرکل میں درج تھے۔گرفتار ملزم محمد سلیم سنیارا حوالہ ہنڈی کے ذریعے اپنے بھائی آصف سنیارے کو پیسے بھجواتا تھا اور یونان کشتی حادثے کے بعد روپوش ہو گیا تھا، جسے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ملزم کا بھائی آصف سنیارا اس وقت لیبیا میں موجود ہے جس نے لیبیا میں متعدد سیف ہائوسز بنائے ہوئے ہیں۔ ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔دوسری جانب ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ لاہور کی دیگر کارروائیوں کے دوران ریڈ بک کے انتہائی مطلوب اشتہاری سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ اشتہاری ملزم حافظ فقیر اللہ انسانی اسمگلنگ کے گھنائونے جرم میں ملوث اور اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کو 5 مقدمات میں مطلوب تھا۔ملزم کے خلاف مقدمات 2018 میں درج ہوئے۔ لاہور سے گرفتار ملزم نے متعدد شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کی غرض سے لاکھوں روپے بٹورے اور بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گیا تھا۔ایک اور کارروائی میں سعودی عرب ملازمت کے نام پر بھاری رقوم ہتھیانے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جن میں عامر مقصود اور عمیر مقصود شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف امیگریشن آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج تھا اور ان کے خلاف 8 سے زائد شکایات موصول ہوئی تھیں۔