#H
توہین الیکشن کمیشن ،چیئرمین پی ٹی آئی پیش ،2اگست کوفرد جرم عائد ہو گی
آج چیئرمین پی ٹی آئی پر چارج فریم ہونا تھا،ممبرالیکشن کمیشن نثار درانی
میںچیئرمین پی ٹی آئی کا وکیل مقرر ہوا ہوں، مجھے کیس کی فائلیں پڑھنے کا موقع دیا جائے،شعیب شاہین
2 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی ہر فرد جرم عائد کریں گے، آئندہ سماعت پر بھی چیئرمین پی ٹی آئی ذاتی حیثیت میں پیش ہوں،ممبرنثار درانی
اسلام آباد (ویب نیوز)
چیئرمین پی ٹی آئی توہین کیس میں الیکشن کمیشن میں پیش ہوگئے اور ان پر 2 اگست کو فرد جرم عائد ہوگی۔الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرادی گئی۔رکن الیکشن کمیشن اکرام اللہ خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری وکیل کو کیوں دئیے؟ کیا آپ کو وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کا طریقہ معلوم نہیں؟ چیئرمین پی ٹی آئی کے علاوہ کسی اور کو وارنٹ کیوں دئیے؟ فواد چوہدری نے موقف اختیار کیا کہ ان کا وہی موقف ہے جو دوسرے کیس میں تھا، رکن الیکشن کمیشن نے فواد چودھری سے کہا کہ آپ اپنا جواب جمع کرا دیں، کیس کی سماعت 2 اگست کو رکھتے ہیں۔ عمران خان کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پانچ کیسز ہائی کورٹ میں ہیں، جیسے وہ فری ہوتے ہیں پیش ہو جائیں گے۔ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم سماعت میں وقفہ کر لیتے ہیں، ملاقات بھی ہو جائے گی جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا گیا۔ وقفے کے بعد کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو چیئرمین پی ٹی آئی بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوگئے۔ممبر نثار درانی نے کہا کہ آج چیئرمین پی ٹی آئی پر چارج فریم ہونا تھا۔پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ ہم حاضر ہوگئے ہیں، الیکشن کمیشن پہلے ہمارے اعتراضات پر فیصلہ کرے، میں گزشتہ سماعت سے چیئرمین پی ٹی آئی کا وکیل مقرر ہوا ہوں، ہمیں آرڈر کی کاپی نہیں ملی، میرے پاس ریکارڈ پورا نہیں، مجھے کیس کی فائلیں پڑھنے کا موقع دیا جائے ،سماعت ستمبر تک ملتوی کردیں۔ ممبر نثار درانی نے کہا کہ 2 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی ہر فرد جرم عائد کریں گے، آئندہ سماعت پر بھی چیئرمین پی ٹی آئی ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔الیکشن کمیشن نے توہین کیس کی سماعت دو اگست تک ملتوی کردی۔