- اسلام آباد ہائی کورٹ توشہ خانہ کیس میں فیصلہ جاری نہیں کرتی اس وقت تک ٹرائل کورٹ حتمی فیصلہ جاری نہ کرے،عدالت
اسلام آباد (ویب نیوز)
سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم کی توشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے کی درخواست نمٹادی۔ پی ٹی آئی چیئرمین کی توشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے کی درخواست پر حکم امتناع جاری نہ ہوسکا۔عدالت نے قراردیا ہے کہ جب تک اسلام آباد ہائی کورٹ توشہ خانہ کیس میں فیصلہ جاری نہیں کرتی اس وقت تک ٹرائل کورٹ حتمی فیصلہ جاری نہ کرے۔ جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں جسٹس حسن اظہر رضوی اورجسٹس مس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت عمران خان کے وکیل خواجہ حارث احمد کا کہنا تھا کہ ان کے موکل نے ٹرائل کورٹ کے فیصلوںکے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کررکھا ہے اورہائی کورٹ میںمعاملہ زیر سماعت ہے اور ابھی تک فیصلہ نہیں کیا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے تک اس کیس میں ہمیں سپریم کورٹ کااس کیس میں فیصلہ درکا نہیں ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے وکیل محمد امجد پرویز نے بیان دیا کہ جب تک ہائی کورٹ فیصلہ نہیں کرتی توٹرائل کورٹ بھی فیصلہ نہیں کرسکتی۔ سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ قانون بڑا واضح ہے کہ ضابطہ فوجداری کی دفع526کے تحت جب تک ٹرائل کورٹ کے کسی فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ کوئی فیصلہ جاری نہ کرے توٹرائل کورٹ کوئی فیصلہ نہیں کرسکتی۔ عدالت نے قراردیا ہے کہ جب تک اسلام آباد کورٹ توشہ خانہ کیس میں کوئی فیصلہ جاری نہیں کرتی اس وقت تک ٹرائل کورٹ کوئی حتمی حکم جاری نہیں کرسکتی لہذا اسلام آباد کورٹ کے فیصلہ کا انتظار کیا جائے۔دونوں فریقین کے اتفاق رائے کے بعد عدالت نے کیس نمٹا دیا۔جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا تھا جب اپنے وقت پراس کیس کی اپیلیں سپریم کورٹ میں آئیں گی توپھر ان کو دیکھا جائے گا۔