اسلام آباد ہائی کورٹ ،توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزافوری معطل کرنے کی استدعا مسترد
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر دوبارہ آج (جمعرات کو) سماعت کی استدعا بھی مسترد کردی
عدالت نے اٹارنی جنرل اورالیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا
اسلام آباد(ویب نیوز)
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اورجسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل دورکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم کی توشہ خانہ کیس میں سزافوری طور پر معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر دوبارہ آج (جمعرات کو) سماعت کی استدعا بھی مسترد کردی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں اپیل پر اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان اورالیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔عدالت نے ٹرائل کورٹ سے مقدمے کا ریکارڈبھی طلب کر لیا ہے۔ دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کی جانب سے استدعا کی گئی کہ نوٹسز کررہے ہیں تو سماعت کل کے لیے رکھیں۔اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کا کہنا تھا کہ ریکارڈ منگوانا ہے، کل سماعت ممکن نہیں، ابھی نوٹس کر رہے ہیں الیکشن کمیشن کو بھی سن لیں۔