نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے حلف اٹھالیا
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیراعظم سے حلف لیا
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی..سبکدوش وزیراعظم محمدشہبازشریف بھی موجود تھے
اسلام آباد (ویب نیوز)
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے حلف اٹھالیا، حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیراعظم سے حلف لیا۔سبکدوش وزیراعظم محمدشہبازشریف بھی موجود تھے ۔ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد صدر مملکت نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے عہدے کا حلف لیا۔پروقار تقریب کی تمام کاروائی اردومیں ہوئی ۔انوارالحق کاکڑ نے ملک کے آٹھویں نگران وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا یاہے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف،سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شہزادوسیم گورنرز ، عسکری قیادت پنجاب، خیبرپختونخوا کے نگران وزراء اعلی ،سابق وفاقی وزراء ، ارکان سینیٹ، بعض سیاسی شخصیات نے بھی حلف برداری کی تقریب میںشرکت کی ۔ حلف کے بعد مختلف اعلی شخصیات نے نگران وزیراعظم کو مبارکباد دی ۔
سبکدوش وزیراعظم محمدشہبازشریف نے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑکوگلے لگالیا اورمبارکباد دی۔ایوان صدر میں جیسے ہی نگران وزیراعظم کے حلف کی تقریب مکمل ہوئی ،سبکدوش وزیراعظم شہبازشریف نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑکے پاس آئے اور انھیں والہانہ طریقے سے گلے لگاتے ہوئے مبارکباد دی ،نگران وزیراعظم نے سبکدوش وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔