گوادر کی بندرگاہ کے قریب چینی شہریوں کو لے جانے والے قافلے پر حملہ کیا گیا چینی سفاتخانہ

 پاکستانی حکام  سے حملے کی مکمل تحقیقات کرنے، قصورواروں کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ

ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لیے عملی اور موثر اقدامات بھی کیے جائیں

اسلام آباد(ویب  نیوز)

پاکستان میں چینی سفاتخانہ نے کہا ہے کہ اتوار 13 اگست کو بلوچستان کے علاقے گوادر کی بندرگاہ کے قریب چینی شہریوں کو لے جانے والے قافلے پر حملہ کیا گیا، اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور متعلقہ اہلکاروں کو مناسب طریقے سے حفاظت میں رکھا گیا ہے، چینی سفارتخانہ دہشت گردی کی اس کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہے۔کراچی میں سفارت خانے اور قونصلیٹ جنرل نے فوری طور پر ہنگامی ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی حکام سے حملے کی مکمل تحقیقات کرنے، قصورواروں کو سخت سے سخت سزا دینے، ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لیے عملی اور موثر اقدامات کرنے کی درخواست کی ۔ چین دہشت گردی کے خطرات سے مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر، چینی سفارتخانہ پاکستان میں چینی شہریوں کو یاد دلاتا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور حفاظتی خطرات کے خلاف احتیاطی تدابیر اختیار کریں، تاکہ ان کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔