حکومت نے درآمدی چینی برآمد کرنے کا عمل شروع کر دیا

ای پی اے ڈی ایس کے ذریعے بولیاں طلب ، بولیاں 28ستمبر 2026کو صبح 11بجے تک جمع کرائی جاسکیں گی

اسلام آباد (ویب  نیوز) حکومت نے درآمد شدہ چینی برآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا،ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے ایک لاکھ 7ہزار 739 میٹرک ٹن سفید ریفائنڈ چینی کی برآمد کے لیے ای ٹینڈر جاری کردیا۔ ٹی سی پی کے مطابق چینی کی برآمد کے لیے ای پی اے ڈی ایس کے ذریعے بولیاں طلب کی گئی ہیں، بولیاں 28ستمبر 2026کو صبح 11بجے تک جمع کرائی جاسکیں گی۔ چینی کی موصول ہونے والی بولیاں بھی 28 ستمبر کو ہی کھولی جائیں گی، جبکہ بولیوں کی آن لائن اوپننگ صبح ساڑھے 11 بجے ہوگی۔ ٹی سی پی کے مطابق ایک لاکھ 7 ہزار 739 میٹرک ٹن سفید ریفائنڈ چینی کراچی کے پیپری گودام سے موجودہ حالت میں برآمد کی جائے گی۔حکومت کی جانب سے درآمد شدہ چینی کی برآمد کا فیصلہ ملک میں چینی کے ذخائر اور مارکیٹ کی صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے۔