چیئرمین پی ٹی آئی کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع
اسلام آباد ہائیکورٹ کو میرے خلاف تمام مقدمات کی سماعت سے روکا جائے، میر ے مقدمات لاہور یا پشاورمنتقل کئے جائیں ،درخواست میں استدعا
اسلام آباد ( ویب نیوز)
چیئرمین پی ٹی آئی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔عمران خان کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست میں استدعا کی گئی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کو میرے خلاف تمام مقدمات کی سماعت سے روکا جائے۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست ایڈوکیٹ لطیف کھوسہ کی وساطت سے دائر کی گئی، سپریم کورٹ میں درخواست آرٹیکل 186 اے کے تحت دائر کی گئی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے استدعا کی گئی کہ میر ے تمام مقدمات لاہور یا پشاورمنتقل کئے جائیں ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی فیصلہ ہونے تک جسٹس عامر فاروق کو مقدمات کی سماعت سے روکا جائے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی کی مزید ممکنہ گرفتاریوں کے خلاف درخواست رجسٹرار آفس نے اعتراض لگا کرواپس کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں اس نوعیت کی براہ راست درخواست نا قابل سماعت ہے۔