صدر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو عام انتخابات کی مناسب تاریخ کے تعین کے لئے خط لکھ  دیا

 صدر کی جانب سے فوری یا کل جمعرات کو  ملاقات کی دعوت دے دی گئی

انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا،مرتضی سولنگی

سیاسی جماعتوں کو 54 دن انتخابی مہم کے لئے بھی فراہم کرنے ہیں،

، انتخابات میں معمولی تاخیر ہو سکتی ہے، ہم نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔

انتخابی شیڈول میں  نگراں حکومت کا کوئی کردار نہیں۔ وزیراطلاعات کی  سی این این  سے گفتگو

اسلام آباد (ویب  نیوز)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو عام انتخابات کی مناسب تاریخ کے تعین کے لئے خط لکھتے ہوئے ملاقات کی دعوت دے دی۔صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کے نام خط میں آئینی تقاضے کا حوالہ دیا کہ قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد 90 روز کے اندر عام انتخابات ضروری ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری خط کی کاپی کے مطابق صدر مملکت نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی تجویز پر قومی اسمبلی 9 اگست 2023 کو تحلیل کردی تھی۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 48 کی ذیلی شق 5 کے تحت صدر مملکت تاریخ دینے کا پابند ہے جو قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد عام انتخابات کے لیے 90 روز سے زیادہ نہ ہو۔صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنرکو عام انتخابات کی مناسب تاریخ طے کرنے کے لیے فوری  یا کل (جمعرات کو) ملاقات کی دعوت دے دی۔

انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا،

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا، نگراں حکومت کا اس میں کوئی کردار نہیں، حلقہ بندیوں کے لئے کم از کم چار ماہ درکار ہیں، سیاسی جماعتوں کو 54 دن انتخابی مہم کے لئے بھی فراہم کرنے ہیں، انتخابات میں معمولی تاخیر ہو سکتی ہے، ہم نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سی این این انٹرنیشنل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئر لفٹ واقعہ سے متعلق سوال کے جواب میں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چیئر لفٹ واقعہ خیبر پختونخوا کے دور افتادہ علاقے بٹگرام میں پیش آیا جہاں ریسکیو کی کوششوں میں کافی مشکلات تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کو جب واقعہ کی اطلاع ملی تو اس نے صوبائی اور وفاقی اتھارٹیز سے رابطہ کیا، آرمی ایوی ایشن، پاکستان ایئر فورس، پاکستان آرمی کے سپیشل سروس گروپ کے جوانوں اور جنرل آفیسر کمانڈنگ نے کامیابی سے ریسکیو آپریشن کو کامیاب بنایا اور تمام متاثرین کو بحفاظت نیچے اتارا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تمام چیئر لفٹس کے تفصیلی معائنہ کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، علاقے میں تمام چیئر لفٹس کا معائنہ کیا جا رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ایسا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ یہ علاقے 2005 کے زلزلہ اور 2010 کے سیلاب سے شدید متاثر ہوئے، یہاں انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا تھا، آپ سمجھ سکتے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی نے کس طرح اس علاقے کو متاثر کیا۔ الیکشن کے انعقاد سے متعلق سوال کے جواب میں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان آئینی ادارہ ہے جو انتخابات کے انعقاد کا ذمہ دار ہے، الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کے لئے کم از کم چار ماہ درکار ہیں، اس کے علاوہ سیاسی جماعتوں کو 54 دن انتخابی مہم کے لئے بھی فراہم کرنا ہوتے ہیں اس لئے الیکشن میں معمولی تاخیر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت نے ایک ہفتہ قبل ہی چارج سنبھالا ہے، ہم نے اپنا کام شروع کر دیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے پہلے ہی اپنا ٹائم ٹیبل جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا، اس میں نگراں حکومت کا کوئی کردار نہیں۔