اسلام آباد ہائیکورٹ ، پرویز الٰہی کی تھری ایم پی اے کے تحت گرفتاری کا آرڈرمعطل ،رہائی کا حکم

 اسلام آباد میں کوئی ہنگامہ آرائی کوئی جلسہ جلوس کیا؟ ،عدالت کا وکیل سے استفسار

 پرویز الٰہی  3 ماہ سے جیل میں ہیں، کیسے نقص امن کے حالات پیدا کر سکتے ہیں،وکیل صدر پی ٹی آئی

عدالت کی ہدایت پر پرویز الٰہی کے وکیل نے تھری ایم پی او کا آرڈر پڑھ کر سنایا

اسلام آباد(ویب  نیوز)

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چو ہدری پرویز الٰہی کی تھری ایم پی اے کے تحت گرفتاری کا آرڈرمعطل کرتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دے دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں چودھری پرویز الٰہی کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کی ،پرویز الٰہی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے یکم ستمبر کو پرویز الٰہی کی رہائی کا حکم دیا، لاہور ہائیکورٹ نے صدر پی ٹی آئی کو کسی بھی اور کیس میں گرفتار کرنے سے روکا، اسلام آباد پولیس نے لاہور ہائیکورٹ کے آرڈر کو فرسٹریٹ کرنے کیلئے سابق وزیراعلیٰ کو گرفتار کیا۔وکیل پرویز الٰہی  نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ کو لاہور پولیس سے چھین کر اسلام آباد لایا گیا، سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے اٹھا کر گاڑی میں ڈالا، لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست پر آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کیا گیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ  اسلام آباد میں کوئی ہنگامہ آرائی کوئی جلسہ جلوس کیا؟ ۔پی ٹی آئی صدر کے وکیل نے کہا کہ پرویز الٰہی  3 ماہ سے جیل میں ہیں، کیسے نقص امن کے حالات پیدا کر سکتے ہیں۔عدالت کی ہدایت  پرپرویز الٰہی کے وکیل نے تھری ایم پی او کا آرڈر پڑھا اور کہا کہ پرویز الٰہی نے 4 ماہ سے کوئی بیان نہیں دیا، اسلام آباد میں ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں۔بعد ازاں اسلام ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری  معطل کرتے ہوئے  فوری رہائی کا حکم دے دیا۔