توشہ خانہ کیس، چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع
بشریٰ بی بی کی آڈیو فرانزک کے لئے ایف آئی اے کو بھیجی ہوئی ہے،تفتیشی افسر
3 گھنٹے بلایا جاتا ہے اور بٹھائے رکھتے ہیں، تفتیش کے دوران بتایا بھی گیا کہ مذکورہ آڈیو بشریٰ بی بی کی نہیں،وکیل صفائی
معاملہ رسیدوں کا ہے تو آڈیو کہاں سے آگئی؟ ایف آئی آر کے مطابق کیس کو لے کر چلیں،عدالت
بشریٰ بی بی کی وائس میچنگ کے لئے وقت دیا جائے، تفتیشی افسر : عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرلی
اسلام آباد(ویب نیوز)
توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی گئی۔جمعرات کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔بشریٰ بی بی وکلا سلمان صفدر، انتظار پنجوتھا اور نعیم پنجوتھا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں، اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت میں بیان دیا کہ انہیں سابق خاتون اول کی گرفتاری مطلوب ہے۔تفتیشی افسر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی آڈیو فرانزک کے لئے ایف آئی اے کو بھیجی ہوئی ہے۔ وکیل صفائی نے کہا کہ 3 گھنٹے بلایا جاتا ہے اور بٹھائے رکھتے ہیں، تفتیش کے دوران بتایا بھی گیا کہ مذکورہ آڈیو بشریٰ بی بی کی نہیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ معاملہ رسیدوں کا ہے تو آڈیو کہاں سے آگئی؟ ایف آئی آر کے مطابق کیس کو لے کر چلیں۔تفتیشی افسر نے کہا کہ عدالت سے استدعا ہے کہ بشریٰ بی بی کی وائس میچنگ کے لئے وقت دیا جائے، عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرلی۔عدالت نے بشریٰ بی بی کی 12 ستمبر تک عبوری ضمانت میں توسیع کررتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔