چترال میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ
7 دہشت گرد ہلاک اور چھ شدید زخمی ہوگئے
علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا عمل جاری ہے۔ آئی ایس پی آر
راولپنڈی (ویب نیوز)
خیبر پختونخوا کے علاقے چترال میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 7 دہشت گرد ہلاک اور چھ شدید زخمی ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 9 ستمبر 2023 کو ضلع چترال کے علاقے ارسون میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔بیان میں کہا گیا کہ فوجیوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر موثر انداز میں مقابلہ کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 6 شدید زخمی ہو گئے۔ان کا کہنا تھا کہ علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا عمل جاری ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی لوگوں نے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کرنے کا اظہار کیا۔