امریکہ پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی حمایت کرتا ہے ،امریکی سینیٹرکرس وان ہولن

امریکہ اور بین الاقوامی برادری  پاکستان کیلئے  بہت کچھ کر سکتی  ہے ، یہ بہت اہم ہے کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کریں

ڈاکٹر کمیونٹی دونوں ملکوں کے درمیان سفارت کاری کا کردار ادا کر رہی ہے اور دونوں ملکوں کے بندھن کو مزید مضبوط بنا رہی ہے، کرس وان ہولن

پاک امریکہ تعلقات  کے بلند مقامات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کو مزید بلندیوں پر لے جانے کیلئے کوشش کی جائے،پاکستانی سفیر مسعود خان

واشنگٹن (ویب  نیوز)

امریکی سینیٹر کرس وان ہولن نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی حمایت کرتا ہے، امریکہ اور بین الاقوامی برادری  پاکستان کیلئے  بہت کچھ کر سکتی ہے ، یہ بہت اہم ہے کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کریں۔سینیٹر کرس وان ہولن نے ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ کے ڈی ایم وی چیپٹرکے سالانہ اجلاس اور گالا ڈنر کے موقع پر بطور مہمان خصوصی کیا۔ تقریب میں 200 سے زائد پاکستانی نژاد معالجین اور ان کے خاندان شریک تھے۔ ”اپنا” ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے اور اس کا شمار امریکہ کی سب سے بڑی طبی انجمنوں میں  ہوتا ہے۔ اپنا کا ڈی ایم وی باب ڈسٹرکٹ آف واشنگٹن، میری لینڈ اور ورجینیا پر مشتمل ہے۔امریکی سینیٹرنے امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم ”اپنا”کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم ہمارے لیے باعثِ فخر ہے،خاص طور پر ڈاکٹروں اور میڈیکل کمیونٹی کے شکر گزار ہیں کہ وہ ان کے علاقے (ڈی ایم وی)اور پورے ملک میں صحت کے شعبے میں گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی  ہے۔ میں پوری پاکستانی امریکن کمیونٹی کو اپنے ملک اور ہماری کمیونٹی کے لئے خدمات سرانجام دینے پر سلوٹ پیش کرتا ہوں۔۔ سینیٹر کرس وان ہولن نے ڈاکٹر کمیونٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت لوگوں کی خدمت کرتے ہیں کہ جب ان کو دیکھ بھال کی سخت ضرورت ہوتی ہے ۔ ڈاکٹر کمیونٹی نہ صرف اگلی نسل کو انسانیت کی خدمت کے لئے تیار کرتی ہے بلکہ این آئی ایچ جیسے اداروں میں میڈیکل کے شعبے میں ہونے والی جدید تحقیق کے لئے بھی اپنی صلاحیتیں برئوئے کار لاتی ہے۔ آپ لوگ اپنی خدمات نہ صرف عام دنوں میں بلکہ انتہائی مشکل اوقات میں بھی سرانجام دیتے ہیں جس پر میں آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کمیونٹی دونوں ملکوں کے درمیان سفارت کاری کا کردار ادا کر رہی ہے اور دونوں ملکوں کے بندھن کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔ سینیٹر کرس وان ہولن نے سفیر پاکستان مسعود خان کو مخاطب کرتے پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہترین سفارت کاری پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ جیسا کہ اکثر لوگوں کو معلوم ہوگا کہ ان کے والد بھی ایک سفارتکار تھے لہذا  وہ بخوبی اس بات کا اندازہ لگا سکتے ہیں کہ کوئی اچھا سفارت کار ہے یا نہیں۔ سینیٹر کرس وان ہولن نے کہا کہ وہ کراچی میں پیدا ہوئے جب کہ ان کے والد پاکستان میں خدمات انجام دے رہے تھے۔سفیر پاکستان مسعود خان نے اپنے مختصر کلمات میں امریکی سینیٹر کرس وان ہولن کا پاکستانی نژاد امریکیوں کے کردار کو تسلیم کرنے اور کمیونٹی اور پاکستان کے لیے ان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اپنا تنظیم کی کامیابیوں کے حوالے سے تنظیم کے صدر ڈاکٹر عرفان سلیمان کی خدمات کو بھی سراہا۔ سفیر پاکستان نے  اپنا کے حوالے سے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنا کی کامیابیاں ہمارے لئے باعثِ فخر ہیں۔ پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں اور طبی برادری نے امریکہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ آپ نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ ہم آپ کی کامیابیوں پر نازاں ہیں۔ پاک امریکہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات  کے بلند مقامات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان  کو مزید بلندیوں پر لے جانے کے لئے کوشش کی جائے۔ آئیے پاکستان امریکہ تعلقات کا ایک نیا باب رقم کریں۔  سینیٹر کرس وان ہولن نے کہا کہ تقریبا 50,000 پاکستانی امریکی ڈی ایم وی کے علاقے میں رہائش پذیر ہیں جن میں سے 20,000 ان کی ریاست میری لینڈ میں ہیں۔ انہوں نے اپنی  حمایت پر تمام میری لینڈرز کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ  کانگریس میں دو طرفہ بنیادوں پر کوشاں ہیں تاکہ ڈاکٹروں سے متعلق مسائل کاحل کیا جا سکے۔پاکستان میں تباہ کن سیلاب  کا ذکر کرتے ہوئے سینیٹر کرس وان ہولن نے سینٹرل کمانڈ، یو ایس ایڈ اور امریکی شہریوں کی طرف سے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے فوری ردعمل  اور ریلیف کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پچھلے جون میں یو ایس ایڈ نے پاکستان کے لیے ترقیاتی اور انسانی امداد کی مد میں اضافی 16 ملین ڈالر کا اعلان کیا، جس سے سیلاب سے لے کر اب تک پاکستان کو امداد کی مد میں کل امریکی امداد 200 ملین ڈالر سے زیادہ ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو معاشی بحران سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور بین الاقوامی برادری  پاکستان کیلئے  بہت کچھ کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ  بہت اہم ہے کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کریں۔ یہ ہمارے مفاد میں ہے،یہ پاکستان کے مفاد میں ہے۔ یہ علاقائی استحکام اور سلامتی  کے لئے معاون ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رشتے کو مضبوط کرنے کے لیے  میں  آپ سب کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی حمایت کرتا ہے۔ سینیٹر کرس وان ہولن نے کہا کہ جیسے جیسے ہم آنے والے سالوں میں آگے بڑھیں  گے، ہم اپنے دونوں لوگوں کے درمیان ان رشتوں کو مضبوط کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ دونوں ممالک کے عوام اپنی جمہوری امنگوں، اپنے خوابوں کی تکمیل کر سکیں۔ اس لئے ہم اس رشتے کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ اور آپ سب  اس میں حصہ دار ہیں۔ ڈاکٹر عرفان سلیمان نے شرکا کا تنظیم کے ساتھ تعاون اور اس کے مقاصد کے حصول میں مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔سفیر پاکستان مسعود خان نے اپنے اختتامی کلمات میں تنظیم کے سابق صدر ڈاکٹر عرفان سعید و دیگر سابق صدور کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کے اعتراف میں اپنا کے بیج  (لیبل پن) لگائے۔