سینیٹ کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کا چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ
پرویز الٰہی بھی سیاسی قیدی ہیں، سب سیاسی قیدیوں سے ملاقات ہونی چاہیے،سینیٹر مشاہد حسین
جو قانون کے مطابق ہوگا ہم ملاقات کے لئے اقدم اٹھائیں گے،چیئرمین کمیٹی ولید اقبال
سینیٹر رانا مقبول احمد کی وفات پرفاتحہ خوانی کی گئی اور کمیٹی کا اجلاس ختم کردیا گیا
اسلام آباد(ویب نیوز)
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ کردیا۔سینیٹر ولید اقبال کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس ہوا، جس میں کمیٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا مطالبہ کر دیا ۔سینیٹر فلک ناز کا کہنا تھا کہ ہمیں پتا ہونا چاہیے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کس حالت میں ہیں ۔ سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ پرویز الٰہی بھی سیاسی قیدی ہیں، سب سیاسی قیدیوں سے ملاقات ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے سینیٹر اعظم سواتی سے بھی ملاقات ہو چکی ہے ۔چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ جو قانون کے مطابق ہوگا ہم ملاقات کے لیے اقدم اٹھائیں گے۔ سینیٹرز کی جانب سے مطالبہ آیا ہے، اسے دیکھیں گے ۔کمیٹی ممبران نے چرچ واقعہ پر سیکرٹری انسانی حقوق پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ چرچ جلانا پاکستان کا پہلا واقعہ نہیں تھا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ میڈیا کو بھی چرچ واقعہ پر ہوش آیا، چرچ واقعہ سے پہلے کسی نے بین المذاہب پر ٹاک شو نہیں کیا۔ میڈیا غیرضروری چیزوں کے بجائے ضروری ایشوز پر ٹاک شو کرے تاکہ قوم باشعور ہو۔سینیٹر طاہر بزنجو نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔ پاکستانی قوم کو ریفارمز کی ضرورت ہے۔نگران وفاقی وزیر انسانی حقوق نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ سے دلی صدمہ پہنچا۔ متاثرین کو ان کے گھروں میں واپس بحالی تک آرام سے نہیں بیٹھوں گا۔ پاکستان میں انسانی حقوق کی بہت بڑی وزارت ہے۔بعد میں سینیٹر رانا مقبول احمد کی وفات پرفاتحہ خوانی کی گئی اور کمیٹی کا اجلاس ختم کردیا گیا۔