امریکی خارجہ امور کمیٹی نے پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کو نوٹس لے لیا

انسانی حقوق کی پامالی سے متعلق تیار کردہ خصوصی ڈوزیئر کمیٹی اراکین کو پیش کیا جائے گا

پاکستانی امریکی اتحاد تنظیم نے یہ معاملہ اٹھایا ہے ،پی ٹی آئی نے بیان جاری کردیا

اسلام آباد ( ویب نیوز)

پاکستانی امریکی اتحاد تنظیم نے امریکی کانگرس کی خارجہ امور کمیٹی اور عالمی انسانی حقوق پر قائم ذیلی کمیٹی کے روبروپاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی معاملہ اٹھا دیا ، پاکستانی  ڈاکٹرز، تاجروں اور وکلا کے اشتراک سے یہ معاملہ اٹھا یا گیا ہے۔ہفتہ کو پی ٹی آئی  کی طرف سے جاری بیان  کے مطابق پاکستان کی سرکار کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بہیمانہ خلاف ورزیوں کے معاملے پر امریکی خارجہ امور کمیٹی نے باضابطہ پریس ریلیز جاری کردی ہے ۔کمیٹی نے کہا ہے کہ پاکستان میں شہریوں پر جبر اور انکے بنیادی حقوق کی پامالی پر پاکستانی امریکی شدید تشویش کے شکار ہیں۔ پاکستانی امریکی اتحاد تنظیم معاملہ تفصیل سے امریکی کانگرس کی خارجہ امور کمیٹی اور عالمی انسانی حقوق پر قائم خصوصی ذیلی کمیٹی کے سامنے رکھ رہی ہے۔ حکومتِ پاکستان کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں پر تیار کردہ خصوصی ڈوزیئر کمیٹی اراکین کو پیش کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کا جاری کردہ 2 سو صفحات پر مشتمل ڈوزیئر کمیٹی اراکین کرسٹوفر سمتھ، سوزان وائلڈ، ماریہ ایلویرا سالازار، فرنچ ہل، رچ میکورمیک، جان جیمز اور اماتا راڈیواگن کو پیش کیا جائے گا۔ 1700 ڈاکٹرز پر مشتمل پاکستانی امریکن فزیشنز، 1000 سے زائد اراکین پر مشتمل پاکستانی امریکن چیمبر آف کامرس، پاکستانی امریکن لائرز ایسوسی ایشن نے بھی پاکستانی امریکین اتحاد کی آواز میں آواز ملا دی۔ پاکستانی امریکنز کی یہ ساری تنظیمیں سمجھتی ہیں کہ ایک مستحکم، پرامن، محفوظ اور جمہوری پاکستان ہی امریکہ کے مفاد میں ہے ۔پاکستانی امریکن اتحاد تنظیم اپنی ساتھی تنظیموں کے ساتھ ملکر امریکی کانگرس سے پاکستان میں تیزی سے ابتر ہوتی صورتحال کے فوری نوٹس کی استدعا کرے گی ۔چاہیں گے کہ امریکی کانگرس جمہوریت کی بحالی، سیاسی انتقام کے خاتمے، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے فوری مداخلت کرے اورجو کچھ بن پڑے کرے۔ امریکی کانگرس کا نوٹس اور پاکستان میں جمہوریت، انسانی حقوق کی بحالی، قانون کی حکمرانی اور سیاسی انتقام کا خاتمہ ہی درست سمت میں ایک قدم ہے۔