وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری کو بھی اجلاس کے بارے میں آگاہ کردیا گیا

اسلام آباد (ویب نیوز)

سابقہ حکومت کے لئے مبینہ دھمکی آمیز امریکی سائفر کے معاملے پر بحث کے لئے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور کا اجلاس پیرکو وزرات خارجہ میں طلب کرلیاگیااس معاملے پر کمیٹی کی جانب سے غیر معمولی سفارش متوقع ہے، اجلاس میں افریقی ممالک سے پاکستان کے تعلقات کے بارے میں بھی بریفنگ دی جائے گی، وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری کو بھی اجلاس کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ۔اجلاس کمیٹی کے چیئرمین محسن داوڑ کی صدارت میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کے بعض ارکان نے چیئرمین کمیٹی سے پاکستانی سفارتخانوں و مشنز کی جانب سے میزبان ملک کے حوالے سائفر کی تیاری اس کے مندرجات کو خفیہ رکھنے اور مجازاتھارٹی کو دکھانے سے متعلق معاملات پر وزارت خارجہ سے بریفنگ لینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ کمیٹی ارکان سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سائفر جلسہ عام میں لہرانے ،وزیراعظم ہاؤس میں اس کی عدم موجودگی سمیت تمام متعلقہ اہم معاملات پر بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور پارلیمینٹ ہاؤس میں کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں اس پر ارکان نے ابتدائی طور پر بات بھی کی تھی جس پر متفقہ طور پر آئندہ اجلاس میں اس معاملے کا تفصیلی جائزہ کا فیصلہ کیا گیا حساس معاملے کے پیش نظر کمیٹی کا اجلاس پیر کو وزارت خارجہ میں طلب کرلیا گیا ہے وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری کو بھی اجلاس کے شیڈول سے آگاہ کردیا گیا ۔کمیٹی طے شدہ ایجنڈے کے مطابق افریقی ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو فروغ دینے کے سلسلے میں اپنی سفارشات بھی مرتب کرے گی ۔