مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری،مزید تین کشمیری نوجوان شہید
راجوری و پونچھ سمیت جنوبی اور شمالی کشمیر کے کئی علاقے بھارتی فوجی محاصرے میں،کئی نوجوان گرفتار
بھارتی فوج کا مقبوضہ علاقے میں مجاہدین کا سراغ لگانے کیلئے جدید ترین ہتھیار اور آلات کا استعال
سرینگر(ویب نیوز )
مقبوضہ جموںوکشمیر میں قابض بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ہفتہ کو ضلع بارہمولہ میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔علاقے میں قابض بھارتی فوج کا کریک ڈاون جاری ہے ،جنوبی اور شمالی کشمیر کے کئی علاقے مسلسل بھارتی فوجی محاصرے میں ہیں،کئی نوجوان گرفتارکو گرفتار کرلیا گیاہے ، کے پی آئی کے مطابق قابض بھارتی فوج نے سرحدی علاقے اوڑی کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کردیا،اس دوران بھارتی فوج نے ہتھلانگہ علاقے میں فائرنگ کرکے تین نوجوانوں کو شہید کردیا، مقامی میڈیا کے مطابق ایک پولیس عہدیدار نے دعوی کیا کہ پولیس اور فوج نے علاقے کا محاصرہ کیا اور مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا اور جوں ہی مشترکہ ٹیم مشتبہ جگہ کی طرف بڑھنے لگی تووہاں موجود عسکریت پسندوں نے فورسز پر فائرنگ کی جس پر جوابی کارروائی کی گئی اور دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جس میں پولیس نے تین عسکریت پسندوں کو شہید کرنے کا دعوی کیا ہے ، تاہم ان کی شناخت کے بارے میں کچھ نہیں بتا یا گیا ،آخری اطلاعات تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔ گذشتہ روز اوڑی میں قابض بھارتی فوج نے دو کشمیری نوجوانوں کو گرفتا ر کیا تھا۔دریں اثنا قابض بھارتی فورسز کی طرف سے اسلام آباد، پلوامہ، کولگام، راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں، بھارتی فورسز بشمول فوج اور پولیس اہلکار تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے گھروں میں زبردستی گھس کر مکینوں کو بغیر کسی وجہ کے ہراساں اور دہشت زدہ کرتے ہیں ۔ بھارتی فورسز نے سرینگر، اسلام آباد، پلوامہ اور کولگام اضلاع کے کئی علاقوں میں درجنوں نوجوانوں کو تفتیش کیلئے پولیس اسٹیشنوں اور فوجی کیمپوں میں بھی طلب کیاہے۔ایک عینی شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ وہ دنیا کے ایک ایسے علاقے میں مقیم ہیں جہاں سب سے بڑی تعداد میں قابض فوجی تعینات ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز عسکریت پسندی کے خاتمے اور آزادی کا مطالبہ کرنے کے نام پر کسی کو بھی گرفتاراورقتل کرنے کی مکمل چھوٹ حاصل ہے ،جنوبی کشمیر کے ککرناگ علاقے کا بھی فوجی محاصرہ جاری ہے ، علاقے کو بھارتی فورسز نے گھیرے میں لے رکھا ہے اور جنوبی کشمیر کے متعددعلاقوں میں تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔بھارتی فوج اور پیراملٹری فورسز کے اہلکار علاقے میں مجاہدین کا سراغ لگانے کیلئے جدید ترین ہتھیار اور آلات استعمال کر رہے ہیں۔