میٹروپولیٹن کارپوریشن افسران کی نااہلی کے باعث 5000خاندان گندا پانی پینے پر مجبور
4800سے زائد واٹر سپلائی کنکشن بوسیدہ
رائے ونڈ ( ویب نیوز)
میٹروپولیٹن کارپوریشن افسران کی نااہلی کے باعث 5000خاندان گندا پانی پینے پر مجبور ،4800سے زائد واٹر سپلائی کنکشن بوسیدہ ،پائپ لائن میں غلاظت کی آمیزش ہونے سے شہریوں نے نہری پانی خریدنا شروع کردیا ،6لاکھ روپے کا یومیہ شہری پانی خریدکر پینے پر مجبور ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے زیر انتظام چلنے والے سی او یونٹ میں 8ہزار سے زائد واٹر سپلائی کنکشن موجود ہیں جن میںسینکڑوں کنکشن بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے ،مذکورہ بند کنکشن کی بنیادی وجہ واٹر سپلائی پائپ لائنوں میں گندگی اور گٹروں کی آمیزش والا پانی آرہا ہے جس سے شہری جملہ امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں سی ا و یونٹ نے واٹر سپلائی سکیم کو 8سیکٹر میں تقسیم کررکھا ہے جس میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 8ریکوری سٹاف صارفین سے پانی کا بل وصول کرتا ہے ،پانی صاف نہ ملنے کی وجہ سے سینکڑوں صارفین ادائیگی نہیں کررہے ،چند سال قبل تحریک انصاف کے دور حکومت میں بچھائی گئی اوپن وائرنگ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے نکھٹو اور نااہل افسران کی عدم توجہ کیوجہ سے جگہ جگہ بوسیدہ ہو چکی ہے پائپ لائن مرمت نہ ہونے کی وجہ سے گندا پانی واٹر سپلائی لائنوں میںشامل ہو کر بیماریاں پھیلا رہا ہے 16ٹیوب ویلوں کے ذریعے واٹر سپلائی سکیم چلائی جارہی ہے جس میں سے 3ٹیوب ویل خراب ہو چکے ہیں فی کنکشن 200روپے وصول کرنے کے باوجود صارفین کو صاف پانی فراہم کرنے میں میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور بری طرح ناکام ہو چکی ہے 16لاکھ روپے ماہانہ ریکوری کا ہدف پورا نہ ہونے اورمیٹروپولیٹن کارپوریشن افسران کی ناقص حکمت عملی کے باعث جہاں رائے ونڈ کے شہری پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں وہاں واپڈا حکام کو بھاری بل کی مد میں کروڑوں روپے واجبات بھی ادا کرنا پڑرہے ہیں ، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے افسران رائے ونڈ کے شہریوں کیساتھ سوتیلوں جیسا سلوک اختیار کئے ہوئے ہیں کروڑوں روپے ماہانہ آمد ن دینے کے باجود رائے ونڈ کے شہر ی زندگی کی بنیادی سہولیات سے یکسر محروم ہوچکے ہیں یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور سید علی عباس بخاری کی غفلت کے باعث آج رائے ونڈ شہر لاوارث ہو چکا ہے شہری اپنے مسائل کے حل کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوچکے ہیں ،کئی سالوں سے بار بار تعینات ہونے والے چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور سید علی عباس بخاری اعلیٰ افسران کی آنکھوں کا تار ا بنے ہوئے ہیں جنکی کارکردگی صفر ثابت ہوئی ہے ،مذکورہ افسر نے آج تک رائے ونڈ کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی دل چسپی ظاہر نہیں کی ،تحصیل رائے ونڈ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کو سب سے زیادہ آمدن دینے کے باوجود مسائلستان بنی ہوئی ہے ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے جسکے باعث رائے ونڈ کے شہری 6لاکھ روپے کا یومیہ پانی خریدکر پینے پر مجبور ہیں ،شہری حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں تعینات نکھٹو ،نااہل افسران کو تبدیل کرکے ذمہ دار افسران تعینات کئے جائیں تاکہ عوام کو مسائل سے نجات مل سکے ۔