عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر
الیکشن کمیشن کا عمران خان کو نوٹس جاری، 26 اکتوبر کو عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر باضابطہ سماعت کی جائے گی
توہین الیکشن کمیشن کیس میں پی ٹی آئی رہنماوں کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم
اسلام آباد ( ویب نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی جبکہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں پی ٹی آئی رہنماوں کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا گیا۔الیکشن کمیشن نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کردی جس کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی گئی۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کردیا، 26 اکتوبر کو عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر باضابطہ سماعت کی جائے گی۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ عمران خان کے خلاف سماعت کرے گا۔الیکشن کمیشن نے درخواست گزار خالد محمود کو بھی نوٹس جاری کردیا، توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست کی گئی تھی۔اسی طرح چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیسز بھی سماعت کے لیے مقرر کردیے گئے۔الیکشن کمیشن کا 4 رکنی بینچ 24 اکتوبر کو توہین الیکشن کمیشن کیسز پر سماعت کرے گا۔عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری پر توہین الیکشن کمیشن کیسز میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔۔