پنجاب میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، 2داعش کمانڈرز سمیت 11دہشتگرد گرفتار

ملزمان سے بارودی مواد، 12 ڈیٹو نیٹر، موبایل فونز، اسلحہ اور نقدی برآمدکر لی گئی

لاہور،فیصل آباد، راولپنڈی(صباح نیوز) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)نے پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈآپریشن کے دوران 2داعش کمانڈر سمیت 11دہشتگرد گرفتار کر لئے ۔ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق دہشت گرد اہم تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں بارودی مواد،  12 ڈیٹو نیٹر، موبایل فونز، اسلحہ اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔ کارروائیاں لاہور ، فیصل آباد، ننکانہ صاصب، رحیم یار خان، شیخوپورہ اور راولپنڈی میں کی گئیں جبکہ لاہور کے سرحدی گائوں سے داعش کے 2 اہم کمانڈر گرفتار کئے گئے ۔ ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کی شناحت رئوف، زبیر، ضیا، وقار، امین، مسعود،  سرفراز، حمید خان اور شاہد کے نام سے ہوئی۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق رواں ہفتے 990 کومبنگ آپریشنز کے دوران 134 مشتبہ افراد گرفتار کئے گئے جبکہ کومبنگ آپریشنز میں 41 ہزار 411 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔محکمہ انسداد دہشت گردی حکام نے کہا کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے۔  دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔