پاکستان نے ابابیل ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کرلیا

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے تجربے کا مشاہدہ کیا، اعلیٰ فوجی حکام، سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے

صدمملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور  سروسز چیفس کی کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارک باد

راولپنڈی (ویب  نیوز)

پاکستان نے ابابیل ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کرلیا۔  پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے ابابیل ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے میں مختلف ڈیزائن، تکنیکی پیرا میٹرز کارکردگی کا مشاہدہ کیا گیا، اور ویپن سسٹم کے مختلف پہلوئوں کو بھی جانچا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے تجربے کا مشاہدہ کیا، اور اس موقع پر سٹریٹجک پلانز ڈویژن، سٹریٹجک فورسز کمانڈ کے سینئر افسران، سائنسدان اور انجینئرزموجود تھے ۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میزائل سسٹم دفاعی اور سٹریٹجک صلاحیت کا اہم عنصر ہے، تجربے کا مقصد کم ازکم دفاعی صلاحیت کا اعادہ کرنا تھا۔صدمملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور جنرل ساحر شمشاد مرزا اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی ہے۔