سات مقدمات ،چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتیں خارج کرنے کیخلاف درخواستوں پر سماعت نہ ہوسکی
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ریگولر کیسز کی کاز لسٹ منسوخ کردی
لاہور (ویب نیوز)
جناح ہائوس حملہ کیس سمیت 7 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواستوں پر سماعت نہ ہو سکی۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ریگولر کیسز کی کاز لسٹ منسوخ کردی۔کاز لسٹ منسوخ ہونے سے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر کیسز کی سماعت نہیں ہو ئی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے بیرسٹر سلمان صفدر ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا، درخواست میں سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، 5 اگست کو توشہ خانہ کے کیس میں حقائق کے برعکس سزا ہوئی، سزا کے فوری بعد پولیس نے گرفتار کر لیا۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ضمانتوں کو میرٹ کی بنیاد پر سننے کا حکم دے، انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتوں کو خارج کیا تھا۔