تحریک انصاف کا قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان
ہر حلقے میں اپنا امیدوار نامزد کریں گے ، کورکمیٹی تحریک انصاف نے فیصلہ کرلیا
عمران خان انتخاب سے قبل جیل سے رہا ہوکر اس تاریخی انتخاب میں پارٹی کی قیادت کریں گے
ناہموار انتخابی میدان اور دھاندلی سے کروائے گئے انتخابات کو قوم نہیں تسلیم کرے گی اعلامیہ
پی ڈی ایم اور نگران حکومت کی معاشی کارکردگی پر وائٹ پیپر کے اجرا کی منظوری
اسلام آباد ( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کردیا ہر حلقے میں اپنا امیدوار نامزد کریں گے ، کورکمیٹی تحریک انصاف نے فیصلہ کرلیا ۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان انتخاب سے قبل جیل سے رہا ہوکر اس تاریخی انتخاب میں پارٹی مہم کی قیادت کریں گے اور واضح کیا گیا ہے کہ ناہموار انتخابی میدان اور دھاندلی سے کروائے گئے انتخابات کو قوم تسلیم نہیںکرے گی۔کورکمیٹی تحریک انصاف کہا ہے کہ قیدِ ناروا میں استقامت کی بیمثال تاریخ رقم کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ۔ چیئرمین تحریک انصاف اپنی قوم کی حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد، مزاحمت، استقامت کا استعارہ ہیں، جاری بیان میں کورکمیٹی تحریک انصاف نے کہا ہے کہ بغیر کسی قانونی جواز کے محض ریاست کے ننگے انتقام کا نشانہ بنتے ہوئے کم و بیش سو روز سے جیل میں قید چیئرمین تحریک انصاف کی استقامت میں لغزش کے کوئی آثار نہیں۔عمران خان کا سمجھوتہ نہ کرنے کا عزمِ مصمم 24 کروڑ پاکستانیوں کیلئے ہمت و حوصلے کا وسیلہ بن رہا ہے، سمجھوتوں کی بھیک مانگنے، معافی نامے کر کے باہر بھاگنے اور این آر اوز کی چھتری لیکر واپس آنے والے کرداروں کی سیاست کو عوام پیروں تلے روند چکے ہیں۔ واضح کیا گیا ہے کہ جبروفسطائیت کی کوئی مقدار تحریک انصاف کو آئین کی بالادستی، جمہوریت کی بحالی، قانون کی حکمرانی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنے سے نہیں روک سکتی، عمران خان کی نڈر قیادت کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف کا ہر قسم کے ظلم و جبر کے باوجود قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہیں پاکستان تحریک انصاف ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخاب کیلئے ہر حلقے میں اپنا امیدوار نامزد کرے گی، کورکمیٹی تحریک انصاف نے کہا ہے کہ بے گناہ چیئرمین عمران خان انتخاب سے قبل جیل سے رہا ہوکر اس تاریخی انتخاب میں پارٹی مہم کی قیادت کریں گے، انہیں ماورائے قانون انداز میں قید میں رکھا گیا تو عمران خان جیل کی سلاخوں کے پیچھے سے انتخابی مہم کی قیادت کریں گے اور ظلم کو اس کے کارندوں سمیت شکستِ فاش سے دوچار کریں گے۔ انتخابات سے قبل تحریک انصاف کے قائدین، کارکنان کے خلاف پرتشدد کارروائیوں کو ختم کیا جائے ۔ ناہموار انتخابی میدان اور دھاندلی سے کروائے گئے انتخابات کو قوم تسلیم کرے گی نہ دنیا میں اسے کوئی حیثیت حاصل ہوگی، انتخاب کی تاریخ کے تعین کے بعد تحریک انصاف کو انتخاب کی دوڑ سے جبرا باہر کرنے اور اسے لیول پلیئنگ فیلڈ سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور یہ قوم اور دنیا کے سامنے زیادہ نمایاں ہوئی ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان دھاندلی سے گریز کرے ، عدالتِ عظمی، سرکاری مشینری کے سر پر جھرلو انتخاب کے سوار بھوت کا نوٹس لے۔ پی ڈی ایم اور اب نگران حکومت کی معاشی کارکردگی پر وائیٹ پیپر کے اجرا کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کی معاشی ٹیم گزشتہ 20 ماہ کے دوران ملکی معیشت کی ناقابلِ تصور نقصانات پر باضابطہ وائیٹ پیپر جاری کرے گی۔تفصیلات اور اعداد و شمار قوم کے سامنے رکھے جائیں گے