چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کیس میں ٹرائل کورٹ کی فردِ جرم کی کارروائی سپریم کورٹ میں چیلنج کردی
کیس میں عجلت کی وجہ سے شفاف ٹرائل کے آئینی حق کی خلاف ورزی ہوئی، ٹرائل غیر قانونی اور دائرہ اختیار سے تجاوز ہے،درخواست
اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کیس میں ٹرائل کورٹ کی فردِ جرم کی کارروائی سپریم کورٹ میں چیلنج کردی۔چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کی جانب سے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے ، درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا 26 اکتوبر کا حکمنامہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ کیس میں عجلت کی وجہ سے شفاف ٹرائل کے آئینی حق کی خلاف ورزی ہوئی، ٹرائل غیر قانونی اور دائرہ اختیار سے تجاوز ہے۔واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کیس میں ضمانت کیلئے بھی سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی پر سائفر کیس میں فرد جرم بھی عائد کی جاچکی ہے۔