ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری جاری، موسم خوشگوار
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، سوات اور نوشہرہ میں بارش و ژالہ باری، دیر اور جمرود میں برفباری
اسلام آباد( ویب نیوز)ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے باعث کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطلی ہوگئی۔دیر کے سیاحتی مقام باڈگوئی ٹاپ اور جمرود میں برفباری سے سفیدی چھاگئی، سوات میں بارش اور نوشہرہ میں ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا۔دیر کے سیاحتی مقام باڈگوئی ٹاپ پر شدید برفباری جبکہ کمراٹ اور تھل میں بارش ہوئی، باڈگوئی کے قریب ٹریفک برفباری سے بند ہوگیا، کئی سیاح واپس کمراٹ لوٹ گئے۔رپورٹ کے مطابق جمرود کے پہاڑوں پر برفباری کے باعث ہر طرف سفیدی چھا گئی جبکہ سوات میں بارش اور نوشہرہ میں ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں تیز بارش اور کئی علاقوں میں ژالہ باری ہوئی جس سے موسم ٹھنڈا ہوگیا، سہ پہر سے راولپنڈی اسلام آباد میں کالی گھٹائوں کا راج رہا، جس کے بعد بادل جم کر برسے جبکہ مری میں بھی بارش نے موسم سرد کردیا۔گھوٹکی اوباڑو، ڈہرکی، میرپور ماتھیلو میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی برسات ہوئی، ٹھنڈی ہواوں اور بارش کے بعد موسم خوشگوار اور بجلی معطل ہوگئی۔بارش کے بعد آسمان پر چھائے اسموگ کے بادل صاف ہوگئے۔لاڑکانہ شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔بارش سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ ہواں اور بارش کے باعث موسم تبدیل ہوگیا۔ادھر مظفرآباد شہر میں اچانک بارش سے موسم سرد ہوگیا، آسمان پر چھائیں کالی گھٹائیں برس پڑیں، جس سے شہر اور نواحی علاقے سردی کی لپیٹ میں آگئے، سردی کے باعث شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں موجود ہے، بالائی علا قوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، پنجاب، کے پی، کشمیر گلگت بلتستان میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔میٹ آفس کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں تیز ہواوں کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، بارش کا سلسلہ جمعہ کی دوپہر تک جاری رہنے کی پیش گوئی کردی۔پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند چھا ئے رہنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم خشک رہے گا۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہا تاہم مغربی بلوچستان، جیکب آباد اورفیصل آباد میں چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش بلو چستان میں قلات09،بارکھان 05، کوئٹہ(شیخ ماندا02)، دالبندین01، سندھ میں جیکب آباد 06اور پنجاب میں فیصل آباد میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی