پی ٹی آئی کا قومی و صوبائی اسمبلی کی ہر نشست پرامیدوار کھڑا کرنے کا اعلان
ووٹ کی حرمت پامال کی گئی تو بھرپور عوامی مزاحمت ہوگی۔ کورکمیٹی
فی الفور تحریک انصاف کو انتخابی نشان کا بنیادی حق دیا جائے
ہر حلقے سے کئی امیدواروں نے ٹکٹ کے لئے دلچسپی ظاہر کی ہے اعلامیہ
اسلام آباد ( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے کہا ہے کہ ہر قسم کے ظلم وجبرکے باوجودپارٹی متحد ہے اورقومی و صوبائی اسمبلی کی ہر نشست پر اپنا امیدوار کھڑا کریں گیعدالتِ عظمی سے انتخابات کے آزادانہ، غیرجانبدارانہ، منصفانہ اور شفاف انعقاد کے دستوری تقاضے پورے کرنے اور ماحول سازگار بنانے کیلئے موثر اقدامات کی اپیل کردی. اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی نگرانی میں الیکشن کمیشن صدرِمملکت سے مشاورت کے بعد عام انتخابات کیلئے 8 فروری کی تاریخ کا تعین کرچکا ہے، دستور کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، جمہوریت کی بحالی و استحکام اور پرامن انتقالِ اقتدار کیلئے ہرقسم کی آلودگیوں اور آلائشوں سے پاک انتخابات بنیادی آئینی و جمہوری تقاضا ہیں،اداروں کی سیاست میں خلافِ آئین و قانون کھلی مداخلت انتخابی ماحول میں بگاڑ کا سبب بن رہی ہے، کورکمیٹی تحریک انصاف تحریک انصاف کے ذمہ داران اور کارکنان پرظلم جاری ہے، جوبحرانوں میں شدت اور سنگینی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی، کسی مخصوص گروہ کو سرکاری سرپرستی میں قوم پر مسلط کرنے یا عوام کے ووٹ کی حرمت پامال کرنے کا ایجنڈا ہوا تو عوام کے پاس بھرپور مزاحمت کے علاوہ کوئی چارہ نہ ہوگا۔ عدالتِ عظمی کو دستور اور جمہوریت کے دفاع و تحفظ کا فریضہ سرانجام دینا ہوگا، غیر قانونی کارروائیوں کا از خود نوٹس لے اور تمام جماعتوں کیلئے انتخاب میں شرکت کے مساوی اور یکساں مواقع یقینی بنائے۔ انتخابات میں شرکت کے اصولی فیصلے کی روشنی میں امیدواروں کے تعین کی حکمتِ عملی پر بھی تفصیلی غورکیا گیا ۔ ہر حلقے سے کئی امیدواروں کی جانب سے ٹکٹ کے حصول میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے پارٹی چیئرمین عمران خان مقبول ترین سیاسی قائد اور تحریک انصاف قوم کی امیدوں کا مرکز ہے، ذمہ داران خصوصاً انتخابی امیدواران کو ڈرانے، دھمکانے یا دیگر جماعتوں کی جانب ہانکنے کی کوششیں ناکام اور کسی کام نہ آئیں گی،قومی و صوبائی اسمبلی کی ہر نشست پر اپنا امیدوار کھڑا کریں گے اورانتخابات پر ڈاکہ ڈالنے کی کوششوں کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ عدالتِ عظمی اس معاملے کا بھی نوٹس لے اور تحریک انصاف کے ٹکٹ کے امیدواروں کو قانون کے مطابق تحفظ فراہم کرے، الیکشن کمیشن بلے کے انتخابی نشان کو مزید تاخیر کا شکار کرنے کی بجائے فی الفور تحریک انصاف کو انتخابی نشان کا بنیادی حق دے